ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والی ڈاکٹر اظہر جدون کی چچا زاد بہن کو سپرد خاک کر دیا گیا

بدھ 24 اپریل 2019 17:38

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پشاور سے ایبٹ آباد آتے ہوئے صوابی کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کی چچا زاد بہن آرمی برن ہال کالج فار گرلز کی سینئر ٹیچر موقع پر جاں بحق ہو گئی، ان کا چچازاد بھائی حادثہ میں شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے اسلام آباد ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثہ کی اطلاع پر علاقہ میں کہرام میچ گیا، مرحومہ کی نماز جنازہ نواں شہر میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تحریک انصاف کے بانی رہنما میجر (ر) گلزار خان مرحوم کا بیٹا اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون کا چچا زاد بھائی حسام خان اپنی ہمشیرہ آرمی برن ہال کالج فار گرلز کی سینئر ٹیچر فرزانہ خان کے ہمراہ پشاور سے ایبٹ آباد آ رہا تھا کہ صوابی کے قریب ان کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں آرمی برن ہال کالج کی سینئر ٹیچر فرزانہ خان موقع پر جاں بحق ہو گئیں، ان کا بھائی حسام خان حادثہ میں شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے الشفا ہسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جاں بحق ہونے والی سینئر ٹیچر کی نماز جنازہ نواں شہر میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب، تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنمائوں سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحومہ کو اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں