ایبٹ آباد پولیس نے ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا

جمعرات 25 اپریل 2019 00:01

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) ایبٹ آباد پولیس نے ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ایس پی ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد قمر حیات خان کی زیر نگرانی سرکل ڈی ایس پی صاحبان کی قیادت میں ایبٹ آباد کے مختلف تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کا اپنے تھانہ جات کی حدود میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔

اس سلسلہ میں بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ ایمونیشن کے ساتھ ساتھ کرایہ داروں کی رجسٹریشن نہ ہونے پر کئی مالک مکانوں کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ سرچ آپریشن کے دوران دو کلاشنکوف، چار رائفلیں، دس بندوقیں، 17 پستول، 531 کارتوس اور 7 افراد کے خلاف رینٹل بلڈنگ ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران ڈی ایس پی کینٹ کیڈٹ یاسین خان جنجوعہ کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او کینٹ نے ایلیٹ فورس، کینائن یونٹ، بی ڈی ایس سکواڈ اور دیگر جدید آلات کے ساتھ ساتھ لیڈیز پولیس کے دستوں کے ہمراہ تھانہ کینٹ کی حدود میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران ایک کلاشنکوف، تین بندوقیں، چار پستول اور 100 کارتوس برآمد کرتے ہوئے مقدمات درج کئے۔

چار کرایہ داروں کے خلاف رجسٹریشن نہ ہونے پر رینٹل بلڈنگ ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی جبکہ ایس ایچ او شیروان نے سرچ آپریشن کے دوران چھ بندوقیں، دو پستول اور 150 کارتوس برآمد کئے۔ تھانہ میرپور کے ایس ایچ او انسپکٹر عبدالغفور خان نے سرچ آپریشن کے دوران ایک پستول، تین رائفلیں اور 50 کارتوس برآمد کئے، تھانہ حویلیاں پولیس نے ڈی ایس پی شمعریز خان کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے دو پستول، 110 کارتوس برآمد کئے جبکہ تین کرایہ داروں کی رجسٹریشن نہ ہونے پر رینٹل بلڈنگ ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی۔

ڈی ایس پی گلیات جاوید خان کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او بگنوتر نے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران تین پستول، 44 کارتوس برآمد کئے۔ ایس ایچ او ڈونگا گلی نے ایک کلاشنکوف، ایک رائفل، ایک بندوق، چار پستول اور 77 کارتوس برآمد کرتے ہوئے مقدمات درج کئے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں