لنک روڈ پر واقع نجی ہسپتال میں زچگی کیلئے لائی گئی خاتون ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث بچہ سمیت جاں بحق

پیر 20 مئی 2019 14:46

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) ایبٹ آباد کے لنک روڈ پر واقع پرائیویٹ ہسپتال میں زچگی کیلئے لائی گئی لوئر ملکپورہ میرا کی رہائشی حاملہ خاتون ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث بچہ سمیت جاں بحق ہو گئی، عورت کے ساتھ آنے والے افراد نے اس موقع پر شدید احتجاج کیا، کینٹ پولیس نے غفلت کی مرتکب لیڈی ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد اسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ڈاکٹر کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لوئر ملک پورہ میرا کی رہائشی چار بچوں کی ماں شگفتہ زوجہ نعیم کو گذشتہ زچگی کیلئے لنک روڈ پر واقع پرائیویٹ ہسپتال لایا گیا۔ شگفتہ کے سسر غریب محنت کش ریڑھی بان نے بتایا کہ ہسپتال کے عملہ نے پہلے نارمل ڈلیوری کیلئے 9 ہزار روپے جمع کروائے اور پھر باہر سے تمام ادویات بھی لا کر دیں۔

(جاری ہے)

کچھ وقت گذرنے کے بعد اسے کہا گیا کہ خاتون کا آپریشن کرنا پڑے گا، 35 ہزار روپے آپ مزید جمع کروائیں۔ اس کشمکش میں بروقت آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے شگفتہ بچے سمیت جاں بحق ہو گئی جس پر اس کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ آئی۔ پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی۔ کینٹ پولیس نے ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر صائمہ کے خلاف زیر دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا جسے بعد ازاں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے لیڈی ڈاکٹرز کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں