ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی کنج گرائونڈ کی 33 سالہ لیز ختم کرنے کی قرارداد کے بعد تعمیر نو کی ہدایت

بدھ 19 جون 2019 13:39

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے تحصیل کونسل ایبٹ آباد کی جانب سے کنج گرائونڈ کی 33 سالہ لیز کو ختم کرنے کی قرارداد کے بعد ٹی ایم او کو دو روز کے اندر گرائونڈ میں توڑ پھوڑ کی تعمیر نو اور سپورٹس بورڈ کو 6 کروڑ روپے مالیت سے تعمیر ہونے والی عمارت کا نظم و نسق سپرد کر کے کھلاڑیوں کی ضرورت کا سامان فوری مہیا کر نے کی ہدایات جاری کی ہیں، صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سرگرمیاں برقرار رکھنے میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر آفس ایبٹ آباد میں کنج فٹ بال گرائونڈ کے حوالہ سے اہم اجلاس میں انہوں نے گرائونڈ کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنانے کیلئے سپورٹس آفیسر کو چار ملازمین بھی تعینات کرنے کے احکامات دیئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سابق ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوا طارق محمود، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ثقلین شاہ، ٹی ایم او ایبٹ آباد، سابق تحصیل ممبر کیہال اربن یونس عباسی، صدر ڈی ایف اے خالد جاوید، جنرل سیکرٹری عادل خان اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کے نمائندے ہیں، 12 سالوں میں فیفا کی جانب سے کھلاڑیوں کی بہتری کے اقدام نہیں کئے گئے، تحصیل کونسل نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے 33 سالہ فیفا کی لیز کو کونسل میں قرارداد منظور کر کے منسوخ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں گرائونڈ کو ٹی ایم اے کی ملکیت قرار دیتے ہوئے سپورٹس بورڈ کو نظم و نسق کی ذمہ داری سونپی اور کمیٹی کی مشاورت پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے کھیل اور کھلاڑی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سامان کی فہرست مرتب کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل میونسپل آفیسر کو اس بات پر پابند بنایا کہ گرائونڈ میں شائقین فٹ بال کے بیٹھنے کی جگہ کیبن تعمیر کرنے پر کی جانے والی توڑ پھوڑ کی تعمیر نو کرنے کیلئے دو روز کے اندر کام کا آغاز کیا جائے جسے وہ خود مانیٹر کریں۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نے کمیٹی کی مشاورت کے بعد گرائونڈ کو صبح فجر کی نماز کے بعد 9 بجے تک اور دن کو 2 بجے سے رات 8 بجے تک کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا جس میں صبح کے اوقات میں بزرگوں کی چہل قدمی اور نوجوانوں کو پریکٹس کیلئے گرائونڈ کا چھوٹا دروازہ کھلا رکھا جائے گا اور دو بجے کے بعد دونوں اطراف کے دروازے کھلے رہیں گے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں