ضلعی انتظامیہ ایبٹ آبادکاہرنو ندی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

جمعہ 19 جولائی 2019 20:31

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) ضلعی انتظامیہ نے شاہراہ قراقرم سے تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ہرنو ندی میں قائم تجاوزات کے خلاف بھی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور متعدد پختہ و عارضی تجاوزات ہٹا کر 100کنال سے زائد سر کاری اراضی وا گزار کر الی ہے۔ مری روڈ پرواقع ہرنو ندی ایک قدرتی سیاحتی مقام ہے جہاں پچھلے کئی برسوںسے غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی وجہ سے آلودگی پھیل رہی تھی اور آبی آلودگی ایک گھمبیر مسئلہ بنتا جا رہاتھا۔

اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے ہرنو بازار اور ہرنو ندی میں بنائی گئی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا۔

(جاری ہے)

ایریگیشن ایکٹ کے تحت کسی بھی ندی نالے کے دونوں اطراف 200 فٹ کی حدود میں کسی بھی قسم کی رہائشی و کمرشل سرگرمی کی اجازت نہیں ہوتی تاکہ سیلاب یا طغیانی کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔

تجاوزات کے خاتمے کی اس مہم میں متعلقہ لوگوں کو پہلے مرحلے میں رضاکارانہ طور پر تجاوزات کو ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جس کے بعد ٹی ایم اے، ڈسٹرکٹ کونسل اور ضلعی پولیس سمیت متعلقہ اداروں کی مدد سے آپریشن کا آغاز کیا گیا جس میں 100 کنال سے زائد اراضی پر قائم 20 مستقل تجاوزات اور تقریباًً 30 عارضی تجاوزات کو ختم کیا گیا۔ تجاوزات کے خاتمے کے اس آپریشن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-3،اسسٹنٹ کمشنرز طUT اور متعلقہ محکموں کے افسران نے حصہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے افسران کی کارکردگی کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ لوگوں کے مسائل اور مشکلات کے حل میں ضلعی انتظامیہ اپنے تمام وسائل اور توانائیوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں