ایبٹ آباد میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کی تقریب، ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے مرکزی عید گاہ میں پودا لگایا

پیر 19 اگست 2019 22:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) مرکزی اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں پلانٹ فار پاکستان ڈے کی تقاریب کا انعقاد اور شجر کاری کی گئی۔ مہم کے تحت گلیات، ٹھنڈیانی، بانڈہ پیر خان، قلندر آباد، حویلیاں، لورہ، بکوٹ، بانڈی ڈھونڈاں، کالو بانڈی، میر پور، سجیکوٹ، منڈیاں اور دوسرے کئی مقامات پر ضلعی انتظامیہ، سرکاری محکمہ جات، سول سوسائٹی اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے پودے لگائے گئے۔

مہم کے تحت ضلع بھر میں مختلف مقامات پر ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ پلانٹ فار پاکستان ڈے کی تقریب کا باقاعدہ آغاز ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے مرکزی عید گاہ میں پودے لگا کر کیا۔ اس موقع پر کنزرویٹر فارسٹ اعجاز قادر، ڈسٹرکٹ خطیب مولانا عبد الواجد، سول سوسائٹی اور انجمن شہریان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اس موقع پر سول سوسائٹی اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجر کاری کی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ شہرکی آب و ہوا کو بہتر بنانے اور بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، رضاکاروں اور باقی تمام محکموں کو محکمہ جنگلات کی جانب سے پودے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام شہری بھی پودوں کے حصول کیلئے محکمہ جنگلات کے دفتر جو سرکلر روڈ پر شہزادہ مسجد کے قریب واقع ہے، سے رابطہ کریں اور اپنے اردگرد موجود جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔ شہری مزید معلومات کیلئے ضلعی کنٹرول روم کے فون نمبر 0992-9310553 اور پودوں کے حصول کیلئے محکمہ جنگلات سے 0992-9310306 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں