کمشنر ہزار ہ نے صوبائی حکومت کے اقدامات پر عمل درآمد بارے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

جمعرات 22 اگست 2019 14:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) کمشنر ہزار ہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے شروع کئے گئے صوبائی حکومت کے اقدامات پر عمل درآمد کے بارے میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ مال سمیت تمام ضلعی خدماتی محکموں پر کڑی نظر رکھیں اور خدمات کے حوالہ سے عام شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے انتظامی طریقہ ہائے کار کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے اقدامات کریں۔

یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں ڈویژنل ریونیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس کے دوران کمشنر ہزارہ نے تمام اضلاع کے ریونیو اہداف، مقدمات و حصول اراضی سمیت دیگر معاملات، مرکزی و صوبائی حکومت کے ترقیاتی کاموں میں پیش رفت، کلین اینڈ گرین پاکستان مہم، پرائس کنٹرول و با زاروں کی چیکنگ، امدادی امور، محکمہ مال میں مالی و انتظامی نظم و ضبط، محاصل کی وصولی، عدالتی مقدمات کی صورتحال، تجاوزات و صفائی، میونسپل خدمات اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان امور کے بارے میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کی غرض سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موجود ڈپٹی کمشنروں نے اپنے اپنے اضلاع سے متعلق بریفنگ بھی دی۔ کمشنر ہزارہ سید ظہیر الاسلام نے ڈپٹی کمشنروں پر واضح کیا کہ انہیں اپنے اپنے ضلع میں عوام کی خدمت اور سہولت کیلئے مکمل اختیارات حاصل ہیں اور تمام ضلعی محکموں سے قریبی رابطہ اور ان کی کارکردگی پر نظر رکھنا بھی ان کے فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی چونکہ اپنے مسائل کے حل کیلئے بجا طور پر انتظامی افسروں کی جانب دیکھتا ہے اس لئے انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ عوام کی سہولت اور ریلیف پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ میں اگرچہ انتظامیہ کی کارکردگی اطمینان بخش ہے لیکن ہر شعبہ میں خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری کے اقدامات کی گنجائش بھی موجود ہے۔ کمشنر ہزارہ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو اہلکاروں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ریونیو عملہ کے خلاف شکایات کو ہرگز نظر انداز نہ کیا جائے، ناقص کارکر دگی کا مظاہرہ کرنے والے یا کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں