شہری اور تاجر غیر معیاری پلاسٹک بیگز کے خاتمہ کیلئے کپڑے کے تھیلوں کو رواج دیں۔ ٹی ایم او اعجاز رحیم

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) تحصیل میونسپل آفیسر اعجاز رحیم نے کہا ہے کہ شہری اور تاجر غیر معیاری پلاسٹک بیگز کے خاتمہ کیلئے کپڑے کے تھیلوں کو رواج دیں، پلاسٹک بیگز کے بے جا استعمال نے ہمارے ماحول اور نکاسیِ آب کو شدید متاثر کیا ہے۔ حویلیاں کے تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے صوبہ بھر میں غیر معیاری پلاسٹک کے شاپنگ بیگز پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد کوئی بھی غیر منظور شدہ پلاسٹک بیگ فروخت کرنا قانونی جرم ہے۔

ٹی ایم او نے کہا کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے نقصانات سے ہر فرد آگاہ ہے البتہ اس کے تدارک کیلئے کسی نے سنجیدہ کوشش نہیں کی، ان پلاسٹک بیگز کی وجہ سے ماحول میں خرابی اور نکاسیِ آب میں خلل پڑتا ہے جس کیلئے تمام طبقات اور کاروباری حلقہ کا تعاون ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ٹی ایم او نے کہا کہ حکومت نے مارکیٹ میں کپڑے کے تھیلے متعارف کروا دئیے ہیں جو ہر گھر کی ضرورت بھی ہے اور ماحول دوست بھی۔

انہوں نے کہا کہ حویلیاں کی تاجر برادری نے ہمیشہ سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کیا ہے اور حکومت کی اس پالیسی کو کامایاب بنانے کیلئے بھی تاجر برادری ہی مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔ اس موقع پر شاپنگ بیگ ڈیلرز نے ٹی ایم او اعجاز رحیم کو یقین دلایا کہ وہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ اس مہم میں بھرپور ساتھ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں