حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کی نجکاری کے اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، عوامی و سماجی حلقے

بدھ 16 اکتوبر 2019 13:14

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) حکومت کی جانب سے محکمہ صحت کی نجکاری کے اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، ہسپتالوں اور دیگر صحت کے مراکز میں عملہ اپنے فرائض میں مجرمانہ غفلت سے کوتاہی کا مرتکب ہو رہا ہے، دور دراز کے علاقوں میں محکمہ صحت کے افسران اور ملازمین گھر بیٹھ کر تنخوائیں وصول کر رہے ہیں، یہ لوگ ہڑتالیں اپنے مفادات کیلئے کر رہے ہیں، غریب مریضوں سے انہیں کوئی سروکار نہیں، انہیں معلوم ہے کہ ایسا ہونے کی صورت میں تنخواہوں کے بدلے انہیں کام کرنا پڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار ایبٹ آباد کے عوامی و سماجی حلقوں نے یہاں ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ہڑتالی ملازمین عوام کی آڑ میں ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں و دیگر صحت کے مراکز بند کر کے عوام کو اذیت دینے والوں کے خلاف فوری سخت ایکشن لیا جائے، محکمہ صحت سمیت دیگر محکمہ جات میں بنائی جانے والی خود ساختہ غیر قانونی تنظیموں پر فوری پابندی کا عوامی مطالبہ زور پکڑ گیا۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد کے شہریوں نے گذشتہ 22 دنوں سے جاری ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس و دیگر ملازمین کی جانب سے کی جانے والی ہڑتال سے متعلق شدید الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت ملازمین کا دوہرا معیار سمجھ سے بالاتر ہے، عوام کی آڑ میں ملازمین اپنے ذاتی مفادات کے حصول میں لگے ہیں۔ محکمہ صحت کے اندر اگر مثبت عوامی ہمدردوں کی اکثریت ہوتی تو آج ملازمین کی جگہ عوام ان کے حق میں شانہ بشانہ کھڑے ہوتے۔ شہریوں نے حکومت سے محکمہ صحت کی فوری نجکاری پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں