ایبٹ آباد میں وفاقی محتسب کے چوتھے بڑے دفتر کا افتتاح

رواں سال میں 70 ہزار سے زائد شکایات پر 56 ہزار سے زائد کیسز پر فیصلے جاری کئے گئے،وفاقی محتسب سید طاہر شہباز

جمعہ 18 اکتوبر 2019 15:43

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) وفاقی حکومت نے ہزارہ ڈویژن کی عوام کی سہولت، محکموں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ایبٹ آباد میں وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر کا قیام کرتے ہوئے صوبہ خیبر پختون خواہ کے چوتھے بڑے دفتر کا افتتاح کر دیاگیا۔اس موقع پر عام شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا کہ شہریوں کو بغیر کسی قانونی معاونت کے انصاف فراہم کرتے ہیں رواں سال میں 70 ہزار سے زائد شکایات پر 56 ہزار سے زائد پر فیصلے جاری کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں پشاور،ڈھیرہ اسماعیل خان،سوات میں ریجنل دفاتر کے بعد ہزارہ بالخصوص ایبٹ آباد میں اس کی ضرورت کو محسوس کیا گیااور ہزارہ کے دشوار اضلاع بٹگرام،کوہستان میں موقع پر ایڈوائزر کے ذریعہ شکایات سننے کے لئے اس کام کو پھیلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نیشنل ایڈوائزر کمشنر فار چلڈرن اعجاز احمد قریشی نے بھی بچوں کے متعلق شکایات اور کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وفاقی محتسب سید طاہر شہباز نے کہا کہ ملک میں 13 ریجنل دفاتر کام کر رہے ہیں جہاں وفاقی محکموں واپڈا،سوئی نادرن گیس،پاسپورٹ،نیشنل ہائی وے اتھارٹی،محکمہ ڈاک،ریلوے،نادرہ سمیت بے شمار محکموں کے خلاف کسی بھی شکایات پر 60 روز میں فیصلہ سنایا جاتا ہے۔درخواست گزار بنا کسی مشکل کے سادہ کاغذ، موبائل ایپ یا خود دفتر آکر شکا یت درج کرا سکتا ہے جس پر متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران بلا کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جاتا ہے،ہمارا عملدرآمد کا طریقہ کار بھی واضح ہے۔

وفاقی محتسب نے شکایات نمٹانے کے علاوہ متعلقہ محکموں کو شکایات دور کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنشنرز کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کی اور اوور سیز پاکستانیوں اور بچوں کے حقوق کا بھی تحفظ یقینی بنانے کے اقدامات اٹھائے اور جیل ریفارمز پر بھی کام جاری ہے جس پر سپریم کورٹ بھی نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی 70 ایجنسیوں کے ساتھ ہمارا نظام منسلک ہے ان کے پاس بھی آنے والی شکایات موصول ہوجاتی ہیں۔

انہوں کسی بھی معاملہ کے سنگین ہونے پر از خود نوٹس لینے کا بھی اختیار رکھنے کا بتایا اور ہزارہ میں 2005 کے تباہ کن زلزلہ کے بعد بکریال سٹی اور ایرا کے متعلق شکایات موصول ہونے پر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔اس موقع پرموجود شہریوں نے بھی وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنے درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا اور مختلف محکموں کی کوتاہیوں کی نشاندہی کی۔

وفاقی محتسب سید طاہر شہباز کا کہنا تھا سب سے زیادہ شکایات محکمہ واپڈا کی موصول ہوتی ہیں۔ انہوں نے عام شہریوں پر زور دیا وہ کسی بھی وفاقی محکمہ کی شکایات پر وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ ادارہ بغیر کسی قانونی معاونت یا مالی بوجھ پڑنے کے انصاف فراہم کرے گا۔انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ہائیکورٹ بار کا بھی دورہ کیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں