جماعت اسلامی ایبٹ آباد کے زیراہتمام کشمیر آزادی مارچ (کل) ہو گا

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) جماعت اسلامی ایبٹ آباد کے زیراہتمام کشمیر آزادی مارچ (کل) اتوار کو ہو گا، مرکزی امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق مارچ اور ریلی کی قیادت کریں گے، تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ جماعت اسلامی کے زیراہتمام کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کشمیر مارچ میں ضلع کے طول و عرض سے قافلوں کی شکل میں لوگ شریک ہوں گے۔

اس حوالہ سے جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد کے امیر ساجد قریش، ناظم کشمیر آزادی مارچ امجد خان جدون نے بتایا کہ ملک کے دیگر بڑے شہروں کی طرح ایبٹ آباد میں بھی مرکزی قیادت کی ہدایت کے مطابق کشمیری مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے فوارہ چوک سے ختم نبوت چوک تک مرکزی امیر سراج الحق کی قیادت میں عظیم الشان ریلی بھی نکالی جائے گی اور عوام کے سمندر میں جلسہ ہو گا جس میں مرکزی امیر کے علاوہ صوبائی اور مقامی قیادت خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں جماعت اسلامی نے ہمیشہ اخلاقی طور پر ایک مثبت کردار نبھایا ہے، اس حوالہ سے بھارت کے جمہوری لبادے میں لپٹے مکروہ چہرہ سے دنیا باخبر ہو چکی ہے جو مظلوم مقبوضہ وادی کے مسلمانوں پر ظلم و تشدد کر کے ریاستی دہشت گردی کر رہے ہیں، ایبٹ آباد میں ہونے والا کشمیر آزادی مارچ آنے والے وقت میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں