عدالت نے تاجر انتخابات کے حوالہ سے حکم امتناعی برقرار رکھتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 25 فروری مقرر کر دی

جمعرات 20 فروری 2020 17:48

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) عدالت نے تاجروں کے انتخابات کے حوالہ سے حکم امتناعی کو برقرار رکھتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 25 فروری مقرر کر دی۔ عدالت میں تاجروں کے دونوں گروپس اور دونوں الیکشن کمشنرز پیش ہوئے اور اپنا موقف جمع کروا دیا۔ تاجروں کے گروپ نے مقامی سطح پر ہونے والے انتخابات کو بھی چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایبٹ آباد میں تاجروں کی گروپ بندیوں کی وجہ سے آل ٹریڈرز فیڈریشن کے انتخابات کیلئے دو علیحدہ علیحدہ الیکشن کمیشن بنے ہوئے ہیں جبکہ مقامی سطح پر تنظیموں کے انتخابات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ انجمن تاجران ٹانچی چوک سبزی منڈی اور انجمن تاجران ٹانچی چوک و گامی اڈہ کے تاجروں نے انتخابات کے خلاف عدالت سے رجوع کر کے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا تھا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ دو الیکشن کمیشن ہونے کی وجہ سے تاجر تذبذب کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آل ٹریڈرز فیڈریشن کے الیکشن کمیشن کو بھی فریق بنایا تھا، کیس میں گذشتہ روز تاریخ پیشگی کے موقع پر تاجروں کے دونوں گروپ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا موقف دیا۔ عدالت نے آل ٹریڈرز فیڈریشن کے انتخابات کے حوالہ سے جاری حکم امتناعی کو برقرار رکھتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 25 فروری مقرر کر دی۔ اس موقع پر ممتاز خان، سلطان احمد نواز، سجاد خان، طارق تنولی، الیکشن کمیشن کے چیئرمین سردار اشرف جبکہ دوسری طرف سے الیکشن کمیشن کے چیئرمین شجاع احمد، نعیم اعوان، عبدالحمید خان اور دیگر موجود تھے۔ نعیم اعوان گروپ کے وکیل فیصل شاہ ایڈووکیٹ نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تاجروں کے مقامی سطح پر ہونے والے انتخابات پر بھی ہمیں تحفظات ہیں اور ان کو بھی چیلنج کیا جائے گا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں