ایبٹ آباد پریس کلب کے 40 سال مکمل ہونے پر 24 فروری سے دو روزہ تقریبات منعقد کی جائیں گی

جمعرات 20 فروری 2020 23:46

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) ایبٹ آباد پریس کلب کے 40 سال مکمل ہونے پر 24 فروری سے دو روزہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی اور صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شوکت یوسف زئی ہوں گے۔ دو روزہ تقریبات میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین بھی شریک ہوں گے۔

تقریبات کو مثالی بنانے کیلئے ممبران پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس حوالہ سے ایبٹ آباد پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کا مشترکہ اجلاس صدر عامر شہزاد جدون کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری راجہ محمد ہارون، ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر سید مسرور کاظمی، جنرل سیکرٹری اقبال ساغر کے علاوہ فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل محمد شاہد چوہدری، سابق صدور سردار نوید عالم، سردار محمد شفیق کے علاوہ پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کے ممبران کثیر تعداد میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایبٹ آباد پریس کلب کے 40 سال مکمل ہونے پر دو روزہ تقریبات کے حوالہ سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور تقریبات کو مثالی بنانے کے حوالہ سے مشاورت سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ صدر پریس کلب محمد عامر شہزاد جدون نے کہا کہ ایبٹ آباد پریس کلب کی دو روزہ تقریبات 24 اور 25 فروری کو ہوں گی۔ تقریبات سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات شوکت یوسف زئی کے علاوہ سابق گورنر سردار مہتاب احمد خان، ایم این اے علی خان جدون، سینیٹر شبلی فراز، نیئر بخاری، ایم این اے مرتضیٰ جاوید عباسی کے علاوہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی شریک ہوں گے۔

افتتاحی تقریب میں کیک کاٹنے کے علاوہ مختلف شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈ دیئے جائیں گے اور ایک خصوصی رسالہ بھی شائع کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام ممبران کو ہدایت کی کہ وہ پہلے کی طرح تقریب کی کامیابی کے اپنی صلاحیتیوں کو بروئے کار لائیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں