ڈی سی ہزارہ نے متعلقہ اداروں سے سیاحتی سہولیات کی فراہمی کی جامع حکمت عملی طلب کرلی

جمعہ 21 فروری 2020 18:22

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے سیاحت کے فروغ کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ سیاحتی سیزن سے قبل گلیات، کاغان، ناران اور خان پور سمیت ہزارہ کے سیاحتی علاقوں میں سیاحوں کے لیے تمام ناگزیر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنروں اور سیاحتی مقامات کے ترقیاتی اداروں سے سیاحتی سہولیات کی فراہمی سے متعلق جامع حکمت عملی دو روز کے اندر طلب کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ اس منصوبہ میں ہر دس کلومیٹر پر صاف ستھرے واش روم اور خوبصورت کیبن کی تعمیر ،مرکزی مقامات پر پارکنگ کا خاطر خواہ انتظام، گلیات اور کاغان میں فوڈ سٹریٹ کا قیام ،کوڑا کرکٹ اٹھانے کے انتظامات اور سیاحوں کو ماحول دوست شاپنگ بیگز کی فراہمی، سیاحوں کی رہنمائی کے اقدامات، ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسوں کے کرایوں کا تعین ،ٹریفک کو رواں رکھنے کے اقدامات، موٹرویز سمیت تمام متعلقہ شاہراہوں پر سیاحوں کی رہنمائی کے لیے ہدایات اور معلومات کی تشہیر اور سیاحتی علاقوں کو جانے والی سڑکوں کی بحالی ومرمت لازمی طور پر شامل ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

یہ ہدایات انہوں نے جمعہ کے روز کمشنر ہاؤس میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میںصوبائی سیکرٹری سیاحت خوشحال خان، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محمد مغیث ثناء اللہ، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر، ڈپٹی کمشنر ہری پور کیپٹن (ر) ندیم ناصر، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رضا حبیب ،ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف ،ڈائریکٹرجنرل ٹورازم کارپوریشن کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے ۔

کمشنر ہزارہ نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈھو ڈیال تابکریال ساڑھے سات کلومیٹر سڑک کی بحالی کا کام رواں سال کا سیاحتی سیزن شروع ہونے سے قبل مکمل کیا جائے جس کے لیے 223 ملین روپے کی منظوری دی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لساں نواب بیدڑ ہ چوک روڈ پر بھی 64 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے جلد کام شروع کیا جائے گا۔ سید ظہیر الاسلام نے سیاحتی سہولیات سے متعلق منصوبہ کی تیاری اور اس پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تفصیلات اور درکار مالی وسائل پر مبنی رپورٹ جلد پیش کی جائے ۔

اجلاس میں سیکرٹری ٹورازم خوشحال خان نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق محکمہ سیاحت متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کی ترقی اور فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں