ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا

ہفتہ 28 مارچ 2020 22:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2020ء) کورونا وائرس کے حوالہ سے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نئے نوٹیفکیشن کے بعد ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔ حکم نامہ کے مطابق تمام ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹس جن میں سکول، کالجز اور یونیورسٹیز، کوچنگ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس، ٹیوشن سنٹرز (پبلک اور پرائیویٹ) ادارے شامل ہیں، 31 مئی 2020 تک بند رہیں گے۔

سکول کے بند ہونے کا یہ پیریڈ گرمیوں کی چھٹیوں میں شمار کیا جائے گا۔ ایجوکیشنل بورڈز اور سکولز کے تمام طرح کے امتحانات 31 مئی 2020ء تک ملتوی رہیں گے۔ سرکاری طور پر شیڈول تمام طرح کے (سیمینار، سپورٹس کے مقابلے اور کلچرل پروگرام) پر 30 اپریل 2020ء تک پابندی رہے گی۔ جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر 30 اپریل 2020ء تک عارضی پابندی رہے گی۔

(جاری ہے)

تمام ریسٹورنٹس، فوڈ چینز اور کھانے پینے کے ہوٹل 10 اپریل 2020ء تک مکمل بند رہیں گے البتہ ریسٹورنٹس اور فوڈ چینز ہوم ڈیلوری کی سہولت فراہم کر سکیں گے۔

تمام سرکاری ضلعی دفاتر میں غیر ضروری سٹاف کو حاضری سے 15 پریل تک مستثنیٰ حاصل رہے گا جبکہ محکمہ صحت، ٹی ایم ایز، لوکل گورنمنٹ، محکمہ خوراک، پولیس، 1122، فنانس، واٹر اینڈ سینی ٹیشن، ایگری کلچر، اطلاعات اور دیگر محکوموں کا ضروری سٹاف موجود رہے گا جبکہ ضلعی افسران کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کیلئے سٹیشن پر موجود رہیں گے۔ کریانہ، ادویات اور ضرورت کی اشیاء کی دکانیں 7/24 کھلی رہیں گی جبکہ باقی تمام دکانیں 7 اپریل 2020ء تک بند رہیں گی۔

تمام سیاحتی مقامات/ پارکس 30 اپریل 2020ء تک بند رہیں گے، صرف میڈیسن کی دکانیں، کریانہ سٹورز، بیکری، آٹا چکی، تندور، دودھ دہی کی دکانیں، آٹو ورکشاپس، فلنگ سٹیشن، چکن و گوشت کی دکانیں، سبزی و پھل کی دکانیں اور سبزی و دیگر اناج کی منڈیاں کھلی رہیں گی۔ تمام بنک اور موبائل کمپنیز کے آفس کھلے رہیں گے اور کورونا سے بچائو کیلئے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔

ادویات اور کھانے کی ہوم ڈیلوری، ڈی ایچ ایل/ٹی سی ایس، ایزی پیسہ اور دیگر رقم ٹرانسفر کرنے حکومتی احکامات کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کھلے رہیں گے۔ شہریوں سے گذارش ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں، آئیں سب مل کر کورونا کے خلاف اپنا کردار ادا کریں اور کورونا سے متعلق معلومات اور شکایات کیلئے ضلعی کورونا کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں