ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا وائرس کے دو مریضوں کو مکمل صحت یابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا

ہسپتال کا عملہ مستعدی سے کورونا کی روک تھام اور علاج میں مصروف ہے، عوام کورونا فنڈ میں عطیات جمع کرائیں۔ ترجمان

جمعہ 3 اپریل 2020 21:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں کورونا وائرس کے دو مریضوں کو مکمل صحت یابی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے کورونا فنڈ قائم کر کے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ کورونا وائرس کی وبائی مرض میں ایوب ٹیچنگ ہسپتال کا عملہ نہایت مستعدی سے اس مرض کی روک تھام اور علاج میں مصروف ہے، ہسپتال میں داخل کرونا وائرس کے دو مریض مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کر دیئے گئے ہیں، ہسپتال میں داخل باقی کنفرم اور مشتبہ مریضوں کی حالت بھی بالکل ٹھیک ہے۔

ہسپتال کے کرونا بلاک میں اب تک 33 مریضوں کو داخل کیا گیا ہے جن میں سے 25 مریضوں کے ٹیسٹ نیگیٹو آنے کے بعد انہیں گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ چار مریضوں کے رزلٹ آنے کا انتظار ہے، 4 مریضوں کے ٹیسٹ رزلٹ پازٹیو آنے کے بعد ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد دو مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ باقی دو کا علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ترجمان امبر جاوید کے مطابق ہسپتال ہر سال لاکھوں مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرتا ہے اور اس کڑے وقت میں بھی بڑھ چڑھ کر عوام کی خدمت میں مصروف ہے لیکن ہسپتال کو اس وقت فنڈز کی شدید کمی کا سامنا ہے، اس وباء سے لڑنے کیلئے ایوب ٹیچنگ ہسپتال نے کورونا فنڈ قائم کیا ہے، مخیر حضرات سے گذارش ہے کہ وہ اس وبائی مرض سے لڑنے کیلئے ہمارا ساتھ دیجئے اور اپنے عطیات اس اکائونٹ ABPA001002487000186 PK # BAN 0010024387000186-ABL میں جمع کروائیں۔

واضح رہے کہ ہسپتال میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 70 کمروں پر مشتمل کورونا بلاک بنایا گیا ہے جو مرکزی عمارت سے بالکل علیحدہ ہے اور ڈیوٹی کرنے والے سٹاٖف کی رہائش کا انتظام بھی اسی بلڈنگ میں کیا گیا ہے۔ ڈین پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایوب ٹیچنگ ہسپتال کو آپ کے تعاون کی ضرورت ہے، ہمارا ساتھ دیجئے تاکہ ہم آپ کیلئے لڑ سکیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں