اپوزیشن کی بے نتیجہ احتجاجی تحریک سے ملک اور عوام کو نقصان پہنچے گا۔ صوبائی وزیر مال قلندر لودھی

ہفتہ 17 اکتوبر 2020 14:25

اپوزیشن کی بے نتیجہ احتجاجی تحریک سے ملک اور عوام کو نقصان پہنچے گا۔ صوبائی وزیر مال قلندر لودھی
حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2020ء) : صوبائی وزیر مال الحاج قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ عوام اور پارٹی قیادت کی مشاورت سے حلقہ میں ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے، اپوزیشن کی بے نتیجہ احتجاجی تحریک سے ملک اور عوام کو نقصان ہو گا، سیداں گاؤں کیلئے 40 لاکھ کی لاگت سے پلی کا کام جلد شروع ہو گا۔ وہ یونین کونسل جھنگڑا کے گاؤں سیداں میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے ضلعی صدر نثار صفدر خان، عادل خان جدون، بابو جاوید اور تحریک انصاف تحصیل حویلیاں کے انفارمیشن سیکرٹری سفیر خان نے بھی خطاب کیا۔ الحاج قلندر خان لودھی نے کہا کہ حکومت مشکل وقت میں عوام کی بہتری کے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جس کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے، یونین کونسل جھنگڑا کی خستہ حالی دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوتا ہے، یہاں سے منتخب لوگ دس سال سے حکومت میں رہے ہیں تاہم انہوں نے علاقہ کی تعمیر و ترقی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری دو سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، آئندہ ترقیاتی منصوبہ جات عوام اور پارٹی قیادت کی مشاورت سے شروع کریں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد مل سکیں، مہنگائی کے خاتمہ کیلئے ضلعی انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں، ضلعی انتظامیہ کے اہلکار صبح سویرے منڈی پہنچ کر قیمتوں کا تعین کر رہے ہیں، چیکنگ کے کام کے بعد صورتحال بہتر ہونا شروع ہو گئی ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں