سونیا شمعروز نے صوبہ خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار خاتون ڈی پی او تعیناتی کا اعزاز حاصل کر لیا

جمعہ 1 جنوری 2021 18:11

ایبٹ آباد۔1جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2021ء) :دختر ایبٹ آباد سونیا شمعروز نے صوبہ خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار خاتون ڈی پی او تعیناتی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ حال ہی میں برطانیہ سے  شویننگ فیلو شپ حاصل کر کے وطن واپس آنے والی گریڈ 18 کی ایس پی سونیا شمروز کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال تعینات کر دیا گیا ہے۔

سونیا شمروز اس سے قبل مانسہرہ پولیس ٹریننگ سنٹر میں بطور پرنسپل خدمات سرانجام دے چکی ہیں، ان کا تعلق خیبر پختونخواہ کے ضلع ایبٹ آباد سے ہے۔ سونیا شمعروز 2013ء میں سی ایس ایس کر کے بطور اے ایس پی تعینات ہوئیں۔ وہ ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد بھی تعینات رہ چکی ہیں۔ سونیا شمعروز کو پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ میں بطور پہلی خاتون پرنسپل خدمات سر انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال وہ برطانیہ فیلوشپ کیلئے گئی تھیں جہاں سے رواں سال ستمبر میں وہ وطن واپس آئیں۔ انہوں نے خواتین پر تشدد اور تنازعات کے حوالہ برطانیہ میں عالمی معیار کے مطابق کورس مکمل کیا ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سونیا شمروز نے کہا کہ صوبہ میں پہلی خاتون ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تعینات ہونے پر فخر ہے۔ دنیا کے کئی ممالک میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی دفاع کے شعبہ اور پولیس میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ بطور خاتون آفیسر ضلع کو سنبھالنا کسی چیلنج سے کم نہیں لیکن کے پی پولیس بہادروں کی پولیس فورس ہے، انہیں اب ضلع چترال کی عوام کی خدمت کا موقع ملا ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں