سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب 87برس کی عمر انتقال کر گئے، نماز جنازہ (کل) ادا کی جائیگی

بدھ 20 اکتوبر 2021 23:58

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) ہزارہ ڈویژن کے ایک اور بزرگ و مدبر سیاستدان سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سردار یعقوب طویل علالت کے بعد 87برس کی عمر میں ایبٹ آباد کیہال میں انتقال کر گئے ہیں جن کی نماز جنازہ (کل )جمعرات دن دس بجے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر ون ایبٹ آباد اور دو دو بجے ان کے آبائی گاؤں نیریاں کالا باغ میں ادا کی جائے گی ،مرحوم گزشتہ چند ماہ سے شدید علیل تھے اور ان کی علالت کے دوران ہی ان کے صاحبزادے سابق ضلع ممبر سردار نسیم حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے تھے جس کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی تھی ،مرحوم سردار محمد یعقوب 1934میں یونین کونسل نگری بالا کے گاؤں نیریاں میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری سکول سمندر کٹھہ جبکہ مڈل ہائی اور گریجویشن ایبٹ آباد سے کی جس کے بعد وہ سروے آف پاکستان میں ملازمت اختیار کر لی جہاں سے وہ روزگار کے سلسلے میں سعودی عرب چلے گئے اور وہاں سے واپسی پر اپنی عملی سیاست کا آغاز یونین کونسل نگری بالا سے کیا جبکہ2002کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ق کے ٹکٹ پر ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نامزد کیئے گئے اور اس دوران انہوں نے انتہائی احسن انداز میں دیانتدار ی کے ساتھ ایوان کو چلایا اپوزیشن اور حکومت کے دونوں ارکان سردار یعقوب کو عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور ان کا احترام کرتے تھے انہوں نے اپنے دور اقتدار کے دوران اپنے حلقہ کے دوران بے شمار ترقیاتی کام کروائے بالخصوص بجلی، گیس اور سڑکوں کی تعمیر میں گہری دلچسپی لی تحریک صوبہ ہزارہ کے دوران مرحوم بابا حیدر زمان اور سابق وفاقی وزیر امان اللہ خان کے ساتھ مل کر صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے بھر پور تحریک چلائی2013اور2018کے عام انتخابات میں بھی حصہ لیا تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے البتہ 2005کے بلدیاتی انتخابات اور 2015کے بلدیاتی انتخابات میں ان کے دو صاحبزادے سردار نسیم مرحوم اور کرنل(ر) سردار شبیر یونین کونسل نگری بالا سے ضلع کونسلر منتخب ہوئے اور بعد ازاں کرنل(ر) سردار شبیر ضلع ناظم ایبٹ آباد بھی رہے مرحوم سردار یعقوب کا شمار اصول پسند اور باکردار سیاستدانوں میں ہوتا تھا اور انہوں نے اپنے گروپ کے ساتھ مل کر نہ صرف ضلع ایبٹ آباد بلکہ ہزارہ میں بھر پور سیاست کی اور ہمیشہ اصولوں پر ڈٹے رہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں