پروفیسر طارق ایوب ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے، سٹیج آرٹسٹ میرحیدر عرفان نے زندگی بھر فن کی آبیاری میں بھرپور کردار ادا کیا، مقررین کا ریفرنس سے خطاب

پیر 4 جولائی 2022 12:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) ہزارہ اباسین آرٹس کونسل ایبٹ آباد کے زیراہتمام معروف شاعر و گلوکار پروفیسر طارق ایوب اور ریڈیو ٹی وی اور سٹیج آرٹسٹ میر حیدر عرفان مرحوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس اور محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ ریفرنس کی صدارت معروف شاعر سعید ناز نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عامر سہیل، پروفیسر ڈاکٹر عادل سعید قریشی، قاضی محمد زبیر، اقبال شاہین، وحید تنولی، ریاض طاہر، تحسین جاوید وحید بسمل اور شکیل اعوان نے خطاب کیا۔

تقریب میں ریڈیو ٹی وی کے نامور آرٹسٹ بابائے فن محمد ارشد عباسی، ہزارہ اباسین آرٹس کونسل کے جنرل سیکرٹری خالد وحید قریشی، ادریس اعوان ایڈووکیٹ، پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد، سینئر ٹی وی آرٹسٹوں اور گلوکاروں طارق ہزاروی، خالد ترمذی، راحیل عباس بارکزئی، شبیر ثمر، امجد خان، قاضی ناصر بختیار، عبدالرشید دیوانہ، مجید بھٹی، سردار توقیر، ذاکر میر مغل، ساجد شاہ،رفیق اعوان، شعبہ نعت کے انچارج طاہر منیر اعوان، نامور نعت خواں حافظ جنید مصطفیٰ کے علاوہ مختلف شعبوں سے وابستہ علمی و ادبی اور فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تعزیتی ریفرنس میں مقررین کا کہنا تھا کہ پروفیسر طارق ایوب ایک معلم، شاعر اور فنکار کی حیثیت سے ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔سٹیج آرٹسٹ میر حیدر عرفان نے بھی اپنی زندگی فن کی آبیاری اور علاقائی ثقافت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شخصیات ہزارہ اور ملک کا سرمایہ تھیں، ان کا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ میر حیدر عرفان جیسے بہت سے فنکار محرومی کا شکار رہے ہیں، احساس ایک ایسا جذبہ ہے جس سے محرومیاں جنم نہیں لیتی، زندگی کا اہم وقت ایسا بھی آتا ہے جب مال دولت کسی کام نہیں آتا، حکومت فنکاروں کی محرومیوں کا ازالہ ان کی زندگی میں کرے اور ان کو حکومتی سطح پر اعزازیہ دینے کا سلسلہ بحال کر کے فن سے وابستہ افراد میں شفاف انداز میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اختتام پر پروفیسر طارق ایوب، جہانزیب، سہیل میر حیدر عرفان کی بخشش اور ان کی درجات بلندی کیلئے دعائے مغفرت کروائی گئی۔ تقریب کے دوسرے حصہ میں محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزارہ بھر کے نامور شعراء نے اپنے اپنے کلام پیش کر کے بھرپور داد سمیٹی۔ محفل مشاعرہ کی صدارت سینئر شاعر سعید ناز نے کی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں