ایبٹ آباد ، واسا کے زیر اہتمام عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی آپریشن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

بدھ 6 جولائی 2022 23:57

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2022ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی (واسا) ایبٹ آباد نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تقریب کا انعقا د کیا۔ تقریب میں واسا کے بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کے ممبران، واسا افسران، علماء کرام، سول سوسائٹی،بلدیاتی ممبران، میڈیا نمائندگان،تاجربرادری اور کمیونٹی ممبران نے شرکت کی۔

بدھ کے روز منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا ڈی آئی جی (ر) سرفراز خان جدون نے کہا کہ اس خصوصی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہمیشہ کی طرح عملے کے ساتھ تعاون کریں ، تمام اہلکار ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اُنہیں عیدالاضحی کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے پر معقول معاوضہ بروقت دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خطیب ہزارہ مفتی عبدالواجد نے صفائی کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کی اور تمام علماء کرام سے درخواست کی کہ نماز جمعہ اور عید الاضحیٰ کے خطبات میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی، فضائل و اہمیت کے ساتھ ساتھ صفائی اور واسا کے عملے کے ساتھ تعاون پر خصوصی بات چیت کی جائے۔واسا کے ترجمان عمر سواتی نے عید الا ضحی 2022ء کے لئے تشکیل کردہ خصوصی منصوبہ بندی پر شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے تمام آپریشنل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اُٹھانے کے لئے 130مقامات مختص کئے ہیں۔

واسا کا شکایات سیل دن رات کھلا رہے گا اور آپریشنز میں 480سٹاف ممبرز اور 27چھوٹی بڑی گاڑیاں حصہ لیں گی۔ ماہر تعلیم و ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز واسا عبدالواحد میر نے شرکاء سے بہترین معاشرے میں سماج اور عوام کے حقوق و فرائض کے حوالے سے بات چیت کی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں