عسکری اور سیاسی قیادت سی پیک منصوبہ پر ایک صفحہ پر ہے، مولانا امجد خان

جمعہ 24 فروری 2017 17:53

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 فروری2017ء) جمعیت علماء اسلام کے قائم مقام مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان نے کہا ہے کہ سی پیک کا منصوبہ بین الاقوامی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہا لیکن ہماری عسکری اور سیاسی قوت اس منصوبہ پر ایک صفحہ پر ہے، ملک نازک دور سے گذر رہا ہے، دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے امت کا اتحاد انتہائی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنما مفتی کفایت الله بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ مولانا امجد خان نے کہا کہ ناموس رسالت کے قانون میں کوئی تبدیلی ہرگز قبول نہیں، جمعیت علماء اسلام آئندہ انتخابات میں صوبہ خیبر پختونخوا میں حکومت بنائے گی، ہماری نظریں وزیراعلیٰ ہائوس پر ہیں، انشاء الله آئندہ انتخابات میں صوبہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ جمعیت علماء اسلام کا ہی ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی کی نئی لہر آ چکی ہے جس میں ہماری عوام کے ساتھ ساتھ خانگاہیں بھی محفوظ نہیں ہیں، یہ پاکستان کی سالمیت اور قوم پر حملے ہیں، موجودہ حالات کے پیش نظر فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے امت کا اتحاد ضروری ہے کیونکہ دشمن کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد سے ہی ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں