ناران اور کاغان کے پہاڑوں پر برف باری اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم انتہائی سرد ہو گیا

منگل 16 اکتوبر 2018 14:36

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2018ء) ناران اور کاغان کے پہاڑوں پر برف باری اور ایبٹ آباد میں شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث موسم انتہائی سرد ہو گیا، رات بھر کی شدید بارش اور صبح ہونے والی ژالہ باری سے ایبٹ آباد میں سردی دوبارہ لوٹ آئی، شہریوں نے گرم ملبوسات نکال لئے، گرم ملبوسات کی دکانوں پر لوگوں کا شدید رش دیکھنے میں آیا، مقامی افراد نے اپنے آپ کو گرم رکھنے کیلئے سوپ، خشک میوہ جات اور مچھلی کی دکانوں کا رخ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد اور مانسہرہ سمیت ہزارہ ڈویژن میں مطلع ابھی بھی موسم ابر آلود ہے، گذشتہ رات گرج چمک کے بعد یکدم بادلوں سے برسنا شروع کر دیا اور پوری رات بارش کا سلسلہ جاری رہا تاہم صبح ژالہ باری نے موسم کو یکسر تبدیل کر کے رکھ دیا، اچانک موسم نے انگڑائی لی اور گرمی کا موسم یکسر سردی میں تبدیل ہو گیا۔

(جاری ہے)

منگل کی صبح لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں، سویٹروں اور جیکٹس کا استعمال کیا، ناران اور کاغان کے پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ہے، اس مرتبہ سردیاں وقت سے پہلے آئی ہیں اور اکتوبر کے مہینہ میں مسلسل بارشیں بھی سردی کی شدت میں اضافہ کا باعث بنی ہیں۔

برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم بارش کے نہ ہونے پر موسم خشک سرد تھا جس کی وجہ سے کھانسی، نزالہ و زکام کی بیماری عام تھی، بارش سے موسمی بیماریوں کے خاتمہ میں مدد ملے گی، لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے سوپ، پکوڑوں اور مچھلی کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں