ایوبیہ میں برف باری سے سڑکیں بند، علاقہ میں گاڑیوں کو چین لگانے والوں کی جانب سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری

فی کس گاڑی سے 5 سے 10 ہزار روپے وصول کر رہے ہیں، سڑکیں فوری کھول کر ان سے مقامی افراد اور سیاحوں کی جان چڑھائی جائے

منگل 15 جنوری 2019 16:22

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) ایبٹ آباد کے تفریحی مقام ایوبیہ میں برف باری کی وجہ سے سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں، پھسلن سے بچنے کیلئے گاڑیوں کے ساتھ چین لگانے والوں نے علاقہ میں لوٹ مار کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، فی کس گاڑی سے 5 سے 10 ہزار روپے وصول کئے جانے لگے ہیں، ایوبیہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت سڑکوں سے برف ہٹا کر انہیں ٹریفک کیلئے بحال کرے تاکہ لوٹ مار کرنے والوں کا قلع قمع ہو سکے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایوبیہ سے دیگر علاقوں کو ملانے والی تمام رابطہ سڑکیں برف باری کی وجہ سے ابھی تک مکمل طور پر بند ہیں۔ مقامی مکینوں نے بتایا کہ مشینری ڈرائیورز کی ملی بھگت سے گاڑیوں کے ساتھ چین لگانے والوں نے ان علاقوں میں لوٹ مار کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، گاڑیوں سے فی کس پانچ سے دس ہزار روپے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ برف کو پگھلانے کیلئے نمک کے استعمال سے بھی یہ لوگ مقامی افراد کو روک رہے ہیں تاکہ برف اسی طرح پڑی رہے اور یہ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے رہیں۔ ایوبیہ کے مکینوں نے برف باری سے متاثرہ سڑکیں فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان لوگوں کی لوٹ مار سے مقامی افراد سمیت سیاحوں کو چھٹکارا مل سکے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں