اللہ کی زمین پر اللہ کے دین کو غالب کرنا جماعت اسلامی کا مشن ہے،مقررین

جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے معاشرے کے نچلے طبقات سے اٹھنے والوں لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے

پیر 2 جنوری 2023 16:01

احمد پور سیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2023ء) جماعت اسلامی تحصیل احمد پورسیال کے زیر اہتمام’’خان مارکی ‘‘ احمد پور سیال میں ایک عظیم الشان یوتھ ورکرز کنونشن منعقد ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ممبر مرکزی شوریٰ جماعت اسلامی پاکستان مہر بہادر خان جھگڑ ، ضلعی امیر مہر فرید احمدمگھیانہ ، صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع جھنگ طارق فاروق صابری ، تحصیل احمد پور سیال کے امیر ڈاکٹر اعجازعلی چشتی ، تحصیل یوتھ صدر ملک محمد عمران بھٹہ اور مولانا محمد سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی دین اسلام کی سربلندی اور اسلامی تعلیمات کے مطابق انسانی زندگیوں کو سنوارنے ، نظام اور معاشرے کی اصلاح کے لیے اور اللہ کے بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کراللہ کی بندگی کے اندر دینے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے دین کو غالب کرنا جماعت اسلامی کا مشن ہے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کے اندر جتنے بھی انقلاب آئے ہیں نوجوان ہمیشہ ان کا ہراول دستہ رہے ہیں ۔مہر بہادر خان جھگڑ نے اللہ کے دین کے غلبے کی جدوجہد کا ہراول دستہ بننے کے لیے احمد پور سیال کے جرات مند نوجوانوں کومنظم کرنے پر تحصیل احمد پور سیال کے امیر اعجاز علی چشتی اور تحصیل یوتھ صدر ملک محمد عمران بھٹہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک منظم تنظیم ہی انقلاب برپا کرسکتی ہے ۔

منتشر لوگ دنیا میں کبھی بھی کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دے سکتے ۔انہوں نے کہا کہ تنظیم کی لڑی میں پروئے ہوئے منظم اور متحد لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کرجرات ، ہمت، حوصلے اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے معاشرے کے نچلے طبقات سے اٹھنے والوں لوگوں کی حوصلہ افزائی کی ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ مرکزی امیر سراج الحق سکول ٹیچر کے فرزند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک اپنے نتائج کی طرف بڑھ رہی ہے وہ دن دور نہیں ہے جب پاکستان کے اندراللہ کا دین غالب ہوگا،ظلم ،برائی،فحاشی ،بدامنی ،غربت ،افلاس اور بے روزگاری کا نظام دن ہوجائے گا ۔مقررین نے کہا کہ دولت کے انبار چند لوگوں کی تجوریوں میں ہیں اور اس ملک کی کی بہت بڑی اکثریت بنیادی ضروریات سے محروم ہے ۔غلبہ دین کی جدوجہد کرنے والے لوگ آگے بڑھتے ہیں تو ان کے خلاف سازشیں ہوتی ہیں لیکن وہ ان کی بالکل پرواہ نہیں کرتے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ روشن انقلاب کاسورج طلوع ہونے والا ہے ۔

احمد پور سیال میں شائع ہونے والی مزید خبریں