احمد پور سیال، پی پی 129سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر صاحبزادہ حبیب سلطان کے الیکشن لڑنے کی تصد،مقامی سیاست میں انقلاب

پیر 13 فروری 2023 23:15

احمد پور سیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2023ء) صاحبزادہ گروپ کی طرف سے حلقہ پی پی 129سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر صاحبزادہ حبیب سلطان کے الیکشن لڑنے کی تصدیق کے بعد مقامی سیاست میں بہت بڑا انقلاب برپا ہوگیا ہے۔ گزشتہ چند روز سے صاحبزادہ حبیب سلطان کی پی ٹی آئی کی طرف سے بطور امیدوار صوبائی اسمبلی عام انتخابات کی فیس بک کی زینت بننے والی پوسٹیں موضوع بحث بنی ہوئی تھیں اس بارے میں صاحبزادہ گروپ کی طرف سے نہ تو تائید کی جارہی تھی اور نہ ہی تردید لیکن گزشتہ روز صاحبزادہ حبیب سلطان کے مینجر راؤ مختار نے اس تجسس کو ختم کردیا ہے اور ذمہ دار معزز شخصیات کو ببانگ دہل بتا دیا کہ صاحبزادہ گروپ کی طرف سے صاحبزادہ حبیب سلطان ہی ایم پی اے شپ کے امیدوار ہوں گے۔

اس انکشاف کے بعد عوام میں چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں کہ اگر صاحبزادہ حبیب سلطان صاحبزادہ گروپ کے متفقہ امیدوار ہیں تو سابق فعال ایم پی اے اور پاکستان تحریک انصاف کے جیالے کارکن اور کپتان کے جانباز کھلاڑی رانا شہباز احمد خاں کا کیا بنے گا۔

(جاری ہے)

عوامی قیاس آرائیوں کے مطابق اب جب کہ صاحبزادہ حبیب سلطان کھل کر میدان میں آگئے ہیں تو رانا شہباز احمد خاں کے لئے یہ نیک شگون نہیں ہے اس اقدام کی بدولت رانا شہباز احمد خاں کی سیاسی وابستگیوں، ہمدردیوں اور وفاداریوں کو خاک میں ملا دیا گیا ہے۔

سیاسی مبصرین نے اس انکشاف کو رانا شہباز احمد خاں اور صاحبزادہ گروپ کے درمیان اختلاف کی پہلی کڑی قرار دے دیا ہے۔ آن لائن نے توپہلے ہی عندیہ دے دیا تھا کہ ''دال میں کچھ کالا ہی'' تجزیہ کاروں کے مطابق صاحبزادہ حبیب سلطان کے انتخابات میں حصہ لینے کا دائرہ براہ راست امیدوار برائے صوبائی اسمبلی خان امیر عباس خان سیال کو پہنچے گا۔ دوسری جانب ابھی پارٹی ٹکٹ کی تشنگی باقی ہے کیونکہ رانا شہباز احمد خاں بھی خود کو پی ٹی آئی کا امیدوار ظاہر کررہے ہیں جبکہ صاحبزادہ حبیب سلطان کو بھی پاکستان تحریک انصاف کا امیدوار ظاہر کیا گیا ہے۔

اگر راؤ مختار کے مطابق صاحبزادہ حبیب سلطان ہی صاحبزادہ گروپ کے امیدوار ہیں تو رانا شہباز احمد خاں کی انتخابی پوسٹوں پر بھی صاحبزادہ امیر سلطان اور صاحبزادہ محبوب سلطان کی تصاویر لگائی گئی ہیں اور انتخابی نشان بلا ہی ظاہر کیا گیا ہے۔ عوام ابھی تک شش وپنج میں ہے کہ کیا کھچڑی پک رہی ہے۔

احمد پور سیال میں شائع ہونے والی مزید خبریں