اٹھارہ ہزاری، دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں بیوپاری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے

مقامی لوگوں نے تعاقب کرکے موٹرسائیکل سوار دونوں ڈاکوئوںکو اسلحہ سمیت پکڑ لیا،پولیس موبائل سیاسی شخصیت کے پروٹول میں مصروف رہی

پیر 22 فروری 2021 23:39

اٹھارہ ہزاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2021ء) تھانہ اٹھارہ ہزاری سے تین کلومیٹر دور لیہ روڈ پر دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں بیوپاری سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے،مقامی لوگوں نے تعاقب کرکے موٹرسائیکل سوار دونوں ڈاکوئوںکو اسلحہ سمیت پکڑ لیا،پولیس موبائل ایک سیاسی شخصیت کے پروٹول میں مصروف رہی،بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز دوپہر کے وقت چوہدری سعید نامی بیوپاری چوک اٹھارہ ہزاری بینک سے رقم نکلوا کرکار نمبری ایل ایچ 277پرگنا کے کچا پکا موڑ پر واقع اپنے پرچیز ڈپو پر جارہا تھاتو موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے اسکا تعاقب شروع کردیا جونہی وہ کنڈے پر پہنچا تو ڈاکوئوں نے پسٹل تان کر اس سے تقریبا آٹھ لاکھ روپے چھین لیے ڈاکو واپس چوک اٹھارہ ہزاری کیطرف چل پڑے تو بیوپاریوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کار انکے پیچھے لگا دی اور علاقہ کوٹ ارائیاں میںموٹرسائیکل کو سائیڈ مارکر گرادیا مقامی لوگوں کی مدد سے ایک ڈاکو اسلحہ سمیت وہیں پکڑ ا گیا جبکہ دوسرا بھاگ نکلا اسے بھی بلہڑ جھبانہ روڈ سے تعاقب کر کے لوگوں نے قابو کر لیا دونوں ڈاکوئوں کی خوب مرمت کرکے انہیں بعد میں پولیس کے حوالے کردیا گیا قابل ذکر امر یہ ہے کہ اس دوران مقامی پولیس کی موبائل وین ایک سیاسی شخصیت کے پروٹوکول میں مصروف رہی،رانا ماجدنامی پولیس کانسٹیبل دیگر اہلکاران کے ہمراہ موٹرسائیکل پر باری باری ملزمان کو مقامی لوگوں کی تحویل سے تھانہ لیکر گیا ایک روز قبل بھی پولیس کو حال ہی میں گشت کیلئے ملنے والی یہ نئی موبائل مقامی سیاسی شخصیت کے ایک قریبی تعلق دار کی بارات کے پروٹوکول پر رہی،گرفتار ملزمان کے نام عمردراز سیال سکنہ ککی نو شورکوٹ اور نذیر نول سکنہ موچیوالا بتائے گئے ہیں اور ان سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد ہوئی ہے جوکہ پولیس کے مطابق ایک لاکھ ہے

اٹھارہ ہزاری میں شائع ہونے والی مزید خبریں