اپنے اوپر قاتلانہ حملے کی کسی پر الزام تراشی یا شک نہیں کر سکتا،شیخ آفتا ب

منگل 17 جولائی 2018 15:59

اپنے اوپر قاتلانہ حملے کی کسی پر الزام تراشی یا شک نہیں کر سکتا،شیخ آفتا ب
اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) این اے 55اٹک ون کے امیدوارمسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر شیخ آفتا ب احمد نے کہا ہے کہ اپنے اوپر قاتلانہ حملے کے بعد کسی پر الزام تراشی یا شک نہیں کر سکتا، شک جو کہ اسلام میں حرام ہے موت زندگی کا خالق مالک اللہ کی ذات ہے نہ ہی میرے ووٹرز اور سپورٹرز اس بزدلانہ حملے سے اپنی مہم چلانی کم نہیںکریں گے۔

افسوس اس بات ہے کہ اٹک میں سیاسی شرافت کا کلچر نہیں رہا انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی رہائش گاہ پر’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اٹک سے 13کلو میٹر کے فاصلے پر کامرہ گائوں جو کہ تھانہ صدر کی حدود میں آتا ہے منگل12بجے کے قریب اٹک کی جانب آ رہے تھے کہ کامرہ قبرستان کے قریب نا معلوم افراد نے مجھ پر فائر کیا جو میری گاڑی نمبر BG7710کے بائیں جانب پچھلے شیشے پر لگا اس موقع پر میرے ہمراہ وارڈ کونسلر حاجی سیف الرحمٰن شیخ ظہور الہی سوشل میڈیا کے انچارج ڈاکٹر راشد بیٹھے تھے جبکہ میرا بیٹا سلمان سرور جو کہ حلقہ پی پی ون سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار تھے مجھ سے پچھلی گاڑی پر موجود تھے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میں ساتواں الیکشن لڑنے جا رہا ہوں لیکن گزشتہ الیکشنوں میں انتہائی شرافت کے انداز میں سیاست ہوتی تھی انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ سابق صوبائی وزیر ملک اسلم مرحوم اگر مجھ سے دور بھی بیٹھے ہوتے تو ہم ان کے احترام میں کھڑے ہو جاتے اس حملے میں قوم کو اچھا پیغام نہیں دیا، کوئی بھی میدان ہو چاہے وہ سیاست سے تعلق رکھتا ہویا کھیل کے میدان سے تعلق رکھتا ہو کسی ایک ٹیم کو ہارنا اور ایک کو جیتنا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

آخر میں انہوں نے کہا کہ زندگی کا مالک اوپر والا ہے بزدلانہ سیاست اور نہ ہی گولیاں ہمارا راستہ روک سکتی ہیں۔ جبکہ ’’اے پی پی‘‘ نے جب تھانہ صدر پولیس سے ان کا مؤقف جاننا چاہا تو انہوں نے بتایا کہ ہمیں اس قاتلانہ حملے کی اطلاع کا فون شیخ آفتاب احمد کی رہائش گاہ سے آیا جس پر ہم فوری طور پر وہاں پر پہنچے ہم نے فائر لگنے والی ان کی ذاتی گاڑی کا تفصیلی جائزہ لیا ہمیں گاڑی کے اندر کسی بھی اسلحہ کا کوئی سکہ بر آمد نہ ہو سکا بعد ازاں ہم نے موقع واردات پر پہنچ کر مکمل تفتیش کی قبرستان کے گردو نواح میں رہائشی علاقوں کے مکینوں سے دریافت کیا کہ انہوں نے کسی بھی قسم کے کوئی فائر کی آواز نہیں سنی پولیس ذرائع کا کہنا ہے اس بارے میں مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور اس میں کسی قسم کی سستی ممکن نہیں ۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں