سانحہ ایس پی المناک تاریخ ، شہداء لواحقین کے بلند حوصلے نے علم کی شمعیں بجھانے کا مذموم منصوبہ ناکام بنایا، نثار علی خان

’’ ہم نہیں بھولیں گے ‘‘ سانحہ اے پی ایس کو چار سال بیت گئے مگر ماؤں کے کان آج بھی اپنے جگر گوشوں کی آواز سننے کو ترستے ہیں، پوری قوم سوگوار ہے اقرار الحسن نے خستہ حال سرکاری سکولوں کو مرمت کرکے اے پی ایس شہداء بچوں کے نام سے منسوب کرکے کارنامہ سرانجام دیا ہے، تقریب سے خطاب حضرو میں ٹیم سر عام کے زیر اہتمام اے پی ایس شہداء کی یاد میں تقریب ، سکاؤٹس کی سلامی، طالبات نے ’’ دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے ‘‘ نغمہ پیش کیا

اتوار 16 دسمبر 2018 19:51

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2018ء) سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہداء کی یاد میں ٹیم سر عام حضرو کے زیر اہتمام ویلکن گرامر ہائی سکول حضرو میں ’’ ہم نہیں بھولیں گے ‘‘ کے عنوان سے پروقار تقریب منعقد کی گئی جس کا اہتمام ٹیم سر عام کے سینئر ممبرنثار علی خان، ذیشان احمد ،شیخ حمزہ اور امجد خالد خان نے کیا ، صدارت چھچھ محافظ کمیٹی کے سر پرست اعلیٰ و ماہر تعلیم محمد خالد خان نے کی ،اس موقع پر ویلکن گرامر ہائی سکول کے سکاؤٹس نے شہداء کو سلامی پیش کی اور طالبات نے ’’ مجھے دشمن کے بچوں کو پڑھانا ہے ‘‘ نغمہ پیش کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد خان ، نثار علی خان اور ذیشان احمد نے سید اقرار الحسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس عظیم مشن کیلئے جدو جہد کررہے ہیں اس پر پوری قوم ان کی شکر گزار ہے ، حضرو میں آج پہلی بار سانحہ اے پی ایس کے حوالہ سے تقریب میں شامل ہو کر احساس ہو رہا ہے کہ اے پی ایس کا سانحہ جیسے آج رونما ہوا ہو، چیف ایگزیکٹو چھچھ نیوز نیٹ ورک و ممبر سرعام نثار علی خان اور ذیشان احمد خان نے کہا کہ ٹیم سر عام حضرو سید اقرار الحسن کے مشن کی تکمیل کیلئے ان کے شانہ بشانہ ہے ، وقت کے ساتھ ساتھ واقعات کو بھول دیا جاتا ہے مگر اقرار الحسن نے اس کو پھر سے تازہ کر دیا ہے اور جس طرح انہوںنے بعض خستہ حال سرکاری سکولوں کی مرمت اور تزئین و آرائش کے بعد انہیں اے پی ایس شہداء بچوں کے نام سے منسوب کرکے کارنامہ سرانجام دیا ہے یہ تعلیم کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کو چار سال بیت گئے مگر ماؤں کے کان آج بھی اپنے جگر گوشوں کی آواز سننے کو ترستے ہیں، نثار علی خان کا کہنا تھا کہ 16دسمبر ہماری تاریخ کا ایک ایسا سیاہ دن ہے جس میں وطن عزیز کو دو ٹکڑے کیا گیا اور پھر اسی روز پشاور کے آرمی پبلک سکول میں دہشتگردوں نے خون کی ہولی کھیلی جس کا مقصد تعلیم کو ختم کرنا تھا مگر شہداء کے لواحقین اور پھر آج اقرار الحسن نے ثابت کیا کہ ہم تعلیم سے دشمنوں اور دہشتگرد عناصر کا قلع قمع کرکے ان کے منصوبے خاک میں ملائیں گے ، تقریب کے مہتمم نثار علی خان ، شیخ حمزہ اور ذیشان احمد خان نے آخر میں صدیق اکبر سکول کے پرنسپل حق نواز وحید، عمر شاہیں پبلک سکول کے پرنسپل محمد سمیع ، البیرونی پبلک سکول کے پرنسپل محمد شفیق اور ویلکن گرامر ہائی سکول کے سکاؤٹس ماسٹر چوہدری عبدالعزیز اور شریک طلبہ و طالبات ، خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کیا ۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں