مسافروں سے بھری بس کھائی میں جا گری، درجنوں افراد جاں بحق

اٹک میں موٹروے کے قریب افسوسناک واقعہ، بس کھائی میں جا گری، ریسکیو آپریشن جاری، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو حسن ابدال منتقل کیا جا رہا ہے، ریسکیو حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 3 مئی 2021 21:08

مسافروں سے بھری بس کھائی میں جا گری، درجنوں افراد جاں بحق
اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 03 مئی2021ء) اٹک میں موٹروے کے قریب افسوسناک واقعہ، گاڑی کو بچاتے ہوئے مسافروں سے بھری بس کھائی میں جا گری، درجنوں افراد جاں بحق، متعدد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق اٹک میں موٹروے کے قریب بس کھائی میں جاگری۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ریسکیو حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

حکام کے مطابق زخمیوں کو ٹی ایچ کیو حسن ابدال منتقل کیا جا رہا ہے۔بس حادثہ حسن ابدال میں پیش آیا۔ مسافر بس لاہور سے مردان جا رہی تھی۔ بس ڈرائیور نے گاڑی کو بچاتے ہوئے فوری بنیادوں پر بس کا رُخ موڑا جس سے بس کھائی میں جا گری۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہسپتال منتقل کیے جانے والے زیادہ تر افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم چند افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ریسکیو حکام کا آپریشن جاری ہے اور بس میں پھنسے ہوئے چند مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریسکیو ون ون ٹوٹو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یکم مارچ 2019 سے لے کر فروری 2020 کے درمیانی عرصے میں 84 ہزار سے زائد ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث ہزاروں شہری متاثر ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہونے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں تقریبا 50 ہزار موٹرسائیکل سوار متاثرہوئے جن میں سے 210 جانبر نہیں ہوسکے اور ملک عدم کو روانہ ہوگئے۔ ٹریفک حادثات کے باعث 66625 مرد اور 17718 خواتین متاثر ہوئیں۔ دستیاب اعداد و شما رکےمطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں کے ہوئے جن کی تعداد 50 ہزار سے زائد تھی۔

اٹک شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments