اٹک میں گاڑی پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ اٹھالیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 4 جولائی 2021 14:06

اٹک میں گاڑی پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا
اٹک (اردو پوائنٹ تازہ رین اخبار۔04 جولائی 2021ء) اٹک میں گاڑی پر پولیس کی فائرنگ سے دیر کا رہائشی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اٹک میں مبینہ طور پر پولیس کی طرف سے چلتی گاڑی پر فائرنگ سے دیر کے رہائشی ایک شخص کی ہلاکت اور دوسرے کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ اٹھالیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے اٹک پولیس کے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ماورائے قانون اقدام قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور تحقیقات کی روشنی میں ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے اور انہیں مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور واقعے میں زخمی شخص کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں