عدالت کے باہر قتل کرنے والا خود بھی عدالت کے باہر قتل

مرکزی دروازے پر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے اس پر فائرنگ کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 12 اکتوبر 2021 10:42

عدالت کے باہر قتل کرنے والا خود بھی عدالت کے باہر قتل
اٹک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اکتوبر 2021ء) : احاطہ عدالت کے باہر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک ملزم کو ہلاک کردیا، واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اٹک کی سیشن عدالت کے باہر قتل کیس کے ملزم کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مقامی پولیس آج ملزم کو پیشی پر عدالت لائی تھی کہ مرکزی دروازے پر پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مقتول ملزم صدام حسین نے سال 2020ء میں عدالت کے باہر ایک شخص کو قتل کیا تھا جس پر مقدمہ چل رہا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ حملہ آور سخت چیکنگ کے باوجود احاطہ عدالت میں اسلحے سمیت داخل ہونے میں کیسے کامیاب ہوگئے اس حوالے سے سیکڑوں سوالات نے جنم لیا ہے اس سلسلے پولیس کے ملوث ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ مختلف مواقع پر اب تک متعدد افراد احاطہ عدالت میں قتل ہوچکے ہیں۔ رواں سال 31 جنوری کو بھی سیشن کورٹ لاہور میں فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل آصف شہید اور زیر حراست ملزم ملک امجد ہلاک ہوگیا تھا۔جبکہ اس کے بعد 20 فروری کو دو وکلاء کو کمرہ عدالت کے باہر قتل کر دیا گیا تھا۔ ملک بھر میں قتل و گارت کی وارداتوں میں بتدریج اضافہ ہوا ہے لیکن پولیس اور سکیورٹی دارے ان واقعات کو کم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ اسلحے کے زور پر کہیں خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تو کہیں قتل و غارت کی جا رہی ہے۔   

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں