اٹک میں مقدمہ خارج ہوتے ہی عمران ریاض کو چکوال پولیس نے حراست میں لے لیا

پچیس صفحات پر مشتمل اٹک کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹھوس ثبوت نہ ملنے پر کیس خارج کر دیا گیا ہے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 7 جولائی 2022 09:32

اٹک میں مقدمہ خارج ہوتے ہی عمران ریاض کو چکوال پولیس نے حراست میں لے لیا
اٹک (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 7جولائی 2022) اٹک میں مقدمہ خارج ہوتے ہی عمران ریاض کو چکوال پولیس نے حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق صحافی عمران ریاض کو اٹک میں مقدمہ خارج ہوتے ہی چکوال پولیس نے حراست میں لے لیا۔گزشتہ روز اٹک کی مقامی عدالت نے صحافی عمران ریاض کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا، تاہم مقدمہ خارج ہوتے ہی انھیں چکوال پولیس نے حراست میں لے لیا۔

پچیس صفحات پر مشتمل اٹک کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹھوس ثبوت نہ ملنے پر کیس خارج کر دیا گیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلہ سناتے ہی عمران ریاض کو چکوال پولیس نے حراست میں لے لیا، اس سے پہلے عمران ریاض کو اٹک سے راولپنڈی لایا گیا تھا، جہاں دائرہ اختیار کا فیصلہ نہ ہونے پر عدالت نے دوبارہ اٹک منتقلی کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ صحافی عمران ریاض کے خلاف تھانہ صدر چکوال میں مقدمہ درج ہے، مقدمہ خارج ہونے کے بعد عمران ریاض نے کمرہ عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا اٹک سے اب بوریا بستر لے کر چکوال جا رہے ہیں، چکوال کے بعد شاید میانوالی جائیں گے۔

عمران ریاض نے صورت حال پر دل چسپ تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ میانوالی کے بعد جھنگ اس کے بعد میانوالی پھر گجرات جائیں گے، کچھ علاقے رہ نہ جائیں، سب جگہ جائیں گے۔بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں بھی صحافی عمران ریاض کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں، 3 مختلف تھانوں میں 6 روز قبل درج ایف آئی آر کھول دی گئی ہیں، 29 جون کو تھانہ دھوڑکوٹ میں شہری اقبال کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔دوسرا مقدمہ 29 جون کو تھانہ نوشہرہ جدید میں نصیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا، تیسرا مقدمہ تھانہ صدر میں شہری طارق نواز کی مدعیت میں درج کیا گیا، صحافی عمران ریاض کے خلاف مقدمہ 505(2) ت پ کے تحت درج کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو مقدمے کے اندراج کے لیے احمد پور بھی لایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں