اٹک پولیس نے بکنگ کے بہانے ویران مقامات پر اسلحہ کے زور پر گاڑیاں چھیننے والا بین الاضلاعی 3رکنی گینگ گرفتار کر لیا

منگل 18 جنوری 2022 17:11

اٹک پولیس نے بکنگ کے بہانے ویران مقامات پر اسلحہ کے زور پر گاڑیاں چھیننے والا بین الاضلاعی 3رکنی گینگ گرفتار کر لیا
اٹک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جنوری 2022ء) اٹک پولیس نے بکنگ کے بہانے ویران مقامات پر اسلحہ کے زور پر گاڑیاں چھیننے والا بین الاضلاعی 3رکنی گینگ گرفتار کر لیا، چھینی گئی 3گاڑیاں اور اسلحہ ناجائز برآمد کرکے ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا گیا، کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا، منگل کو ڈی پی او دفتر میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے فتح جنگ پولیس کی بہترین کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال فتح جنگ کے مختلف ویران مقامات پرمختلف وارداتوں میں 3گاڑیاں چھین لی گئیں تھیں جس پر متاثرین کی درخواست پر مقدمات کے اندراج کے بعد ڈی ایس پی فتح جنگ ذولفقار گیلانی اور ایس ایچ او فتح جنگ حامد کاظمی کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دیکر نامعلوم ڈاکوؤں کو ٹریس، گرفتار کرنے اور چھینی گئی گاڑیوں کو برآمد کرنے کا ٹاسک دیا گیا ،تھانہ فتح جنگ کی پروفیشنل ٹیم نے 3بامسلح اشخاص دانش محمود عرف بلا ولد قاضی محمد مسعود سکنہ چھڑت تحصیل فتح جنگ ضلع اٹک،علی حسن ولد حسن علی سکنہ ڈھوک گجراں راولپنڈی اورراجہ محمد وقاص ولد راجہ محمد ریاست سکنہ حصار تحصیل حسن ابدال ضلع اٹک کو گرفتار کر کے ملزمان سے 3اسلحہ ناجائز پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن قبضہ میں لیکر ان سے تفتیش کی تو انہوں نے گاڑیاں چھیننے کا انکشاف کیا جس پر ملزمان کو برائے شناخت پریڈ ڈسٹرکٹ جیل اٹک بند کروایا جنہیںو مدعی مقدمات نے درست طور پر شناخت کیا تو ملزمان کا ریمانڈ جسمانی لیکر ان سے تفتیش کی گئی تو ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ راولپنڈی و گردو نواح سے گاڑیاں بک کروا کر انکو کسی بھی ویران مقام پر لے جا کر اسلحہ کی زور پر گاڑیاں چھین کر فرار ہو جاتے جس پر ملزمان سے چھینی گئی3 مہران گاڑیاں برآمد کر لی گئیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان نے راولپنڈی میں بھی متعدد گاڑیاں چھین کر فرار ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان کے سوال پر کہ اتنی بڑی کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کیلئے انعام کا بھی کوئی اعلان کریں گے پر ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے پوری ٹیم کو تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ اٹک پولیس مجرم کو پاتال کی تہہ میں سے بھی نکال کر کیفرکردار تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ضلع بھر میں ہونے والی تمام وارداتوں کویا تو ٹریس کیا جا چکا ہے یا ہماری ٹیمیںان کو ٹریس کرنے کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کو عوام الناس کے لیے امن کا گہوارہ بنا کر دم لیں گے۔پریس کانفرنس میں سینئر صحافیوں لالہ محمد صدیق، سید فاروق بخاری، ندیم رضا خان ، نثار علی خان، نواز خان، شیخ فیصل جاوید، غلام شبیر ، لیاقت عمر ، حافظ عبدالحمید ، عدیل افضل خان سمیت ضلع بھر سے میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں