اٹک‘قاضی احمد اکبر نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر حضرو کے نام اپنی قیمتی 4کنال اراضی منتقل کر دی، کاغذات محکمہ کے سپرد

خصوصی کاوش سے حکومت پنجاب سے نئی بلڈنگ کی تعمیر اور نئی بس کیلئے 12کروڑ روپے فنڈز بھی منظور کرا لیا، سلمیٰ خاتون، عالیہ کنول کا اظہار تشکر معذور بچوں میں مجھے اپنے بچوں کے چہرے نظر آتے ہیں، تمام سہولیات فراہم کرونگا، قاضی احمد اکبر کی نثار علی خان سے گفتگو

پیر 21 اکتوبر 2019 21:45

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) پی ٹی آئی رہنما قاضی احمد اکبر نے اپنی قیمتی 4کنال اراضی سپیشل ایجوکیشن سنٹر حضرو کے نام منتقل کر دی ، خصوصی کاوش سے حکومت پنجاب سے نئی بلڈنگ کی تعمیر اور نئی بس کیلئے 12کروڑ روپے فنڈز بھی منظور کرا لیا، تفصیلات کے مطابق سپیشل ایجوکیشن سنٹر حضرو کے سالانہ پروگرام میں کم وسائل کے باوجود معذور بچوں کی شاندار کارکردگی اور سہولیات کی کمی کے پیش نظر سابق امیدوار صوبائی اسمبلی و رہنما پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر نے اپنے خطاب میں سپیشل ایجوکیشن سنٹر حضرو کے گونگے بہرے اور معذور بچوں کی تعلیم کیلئے جتیال رقبہ میں اپنی قیمتی 4کنال اراضی عطیہ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے انہوں نے جتیال رقبہ میں اپنے نام پر موجود 4کنال زمین سپیشل ایجوکیشن سنٹر حضرو کے نام منتقل کر دی جس کے کاغذات انہوں نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر ضلع اٹک کی فوکل سلمیٰ خاتون اور پرنسپل سنٹر حضرو کو پیش کئے ، اس موقع پر چھچھ نیوز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو معروف صحافی نثار علی خان سے خصوصی گفتگو میں قاضی احمد اکبر نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن سنٹر حضرو کی سالانہ تقریب میں طلبہ و طالبات سے جو وعدہ کیا تھا آج وہ پورا کر دیا گیا ہے کیونکہ ان معذور بچوں میں مجھے اپنے بچوں کے چہرے نظر آتے ہیں، ایک سوال پر قاضی احمد اکبر نے بتایا کہ نئی بلڈنگ کی تعمیر اور ایک بس کیلئے حکومت پنجاب سے 12کروڑ روپے فنڈز کی خصوصی منظوری بھی لی ہے ، انہوں نے کہا کہ ایک بس پہلے سے موجود ہے جبکہ نئی بس سے مزید سہولت پیدا ہو جائے گی ، جتیال سنٹر میں ہونے کی وجہ سے ایک بس شرقی چھچھ اور دوسری چھچھ غربی چھچھ کے طلبہ و طالبات کو سہولت دے گی جبکہ سپیشل بچوں کی بہتری کیلئے مزید اقدامات بھی اٹھاؤں گا۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں