تحصیل اٹک میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، اسسٹنٹ کمشنر

پیر 27 جنوری 2020 20:38

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) اسسٹنٹ کمشنر اٹک جنت حسین نیکوکارہ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحصیل اٹک میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، تحصیل بھر میں آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے، دکانوں کے علاوہ مختلف آٹا پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں سرکاری نرخ پر آٹا مہیا کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر کی خصوصی ہدایات پر میں تحصیل بھر میں آٹے کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تحصیل بھر سے اے سی آفس میں آٹے کی کمی کی کوئی خاص شکایت موصول نہیں ہوئی ہے، دکانداروں کے علاوہ موبائل گاڑیوں کے ذریعے تحصیل بھر میں سرکاری نرخوں پر آٹا فراہم کیا جا رہا ہے، ضلع اٹک خصوصاً تحصیل اٹک میں ایک دن بھی آٹے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنے دیا گیا، ہماری اطلاعات کے مطابق سرکاری نرخوں پر آٹا وافر مقدار میں موجود ہے جبکہ اس کے مقابلے میں خریداروں کی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام الناس کو آٹے کی فراہمی کے سلسلے میں کوئی بھی شکایت ہو تو وہ اے سی آفس اٹک سے رجوع کر سکتا ہے ان کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں