شادیوں سمیت ہر قسم کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ ممنوع ہی, ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خالد ہمدانی

جمعرات 27 فروری 2020 19:28

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ شادیوں سمیت ہر قسم کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ ممنوع ہے،شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے کوئی نقصان ہوا تو دولہے اور منتظمین کو بھی ملزمان کے ساتھ چالان کیا جائے گا،ایس ایچ او شادی سمیت ہر قسم کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش روکنے کو یقینی بنائیں،جس علاقہ میں ہوائی فائرنگ یا اسلحہ کی نمائش ثابت ہو گئی تو اس تھانہ کے ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہو گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی نے کہا کہ ہر قسم کے سنگین جرم کی بنیاد اسلحہ اور فائرنگ ہوتی ہے اٹک پولیس واضح اور دوٹوک الفاظ میں سن لے کہ اسلحہ چاہے لائسنسی ہو یا غیر قانونی اس کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر مکمل پابندی ہے اس حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل شروع کر دیا گیا ہے،ڈی پی او اٹک نے کہا کہ شادیوں میں ہوائی فائرنگ ایسا مکروہ اقدام ہے جو انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتا ہے،چند لمحے کی خوشی کی خاطر کسی کی جان لینے یا کسی کو زخمی کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،انہوں نے کہا کہ ایس ایچ اوز قانونی طریقہ کار کے مطابق ان تقریبات کی معلومات حاصل کریں جہاں پر اسلحہ کی نمائش یا ہوائی فائرنگ کے امکانات ہو سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اٹک پولیس پر قانون اور میرٹ کے علاوہ کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے،پولیس افسران اور اہلکار قانون اور میرٹ پر پولیسنگ کریں ان کے محافظت میری ذمہ داری ہے جسے میں خوب نبھاناجانتا ہوں، اگر کسی قسم کا مصنوعی یا ظاہری دباؤ پولیس پر ڈالا جائے تو اسے میری طرف بھجوا دیا جائے،ڈی پی او اٹک نے کہا کہ میرٹ والی پولیسنگ کوئی مسئلہ فیثا غورث نہیں جو سمجھ نہ آ سکے،آسان سی بات ہے کہ قانون،قانون اور صرف قانون کو طاقتور اور بالادست سمجھا جائے تو نہ تو پولیس افسران پر انگلیاں اٹھتی ہیں اور نہ ہی کوئی شخص پولیسنگ پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں