اٹک، جعلی تقرری نامہ کے ذریعے عوام سے پیسہ ہتھیانے والا نو سر باز گینگ گرفتار

پیر 29 جون 2020 23:13

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2020ء) اٹک پولیس نے جعلی تقرری نامہ کے ذریعے عوام سے پیسہ ہتھیانے والے نو سر باز گینگ کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق اے ایس پی صدر سرکل عمارہ شیرازی کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ صدر اٹک عاطف ستار کی زیر نگرانی تھانہ صدر اٹک کی ٹیم نے معصوم شہریوں کو محکمہ تعلیم میں بھرتی کروانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے 2 رکنی گینگ مسماة (ف،ر) زوجہ مظنفر محمود اور خلیل احمد کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان بھرتیوں کا لالچ دے کرلوگوں سے بھاری رقم لیکر سرکاری اداروں کے فرضی جعلی دستاویزات دیا کرتے تھے۔ملزمان نے مختلف پڑھے لکھے لوگوں کو جال میں پھنسا کر بھاری رقوم ہڑپ کیں۔معصوم شہری نو سر با ز گروہ کی باتوں میں آکر اپنی قیمتی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے۔

(جاری ہے)

ملزمان خود کو گورنمنٹ آرگنائزیشن کا اعلیٰ آفیسر ظاہر کرتے جس کی وجہ سے معصوم شہری ان کے چنگل میں باآسانی پھنس جاتے تھے۔

ملزمان نے اپنا ایک دفتر بھی بنایاہوا تھا جہاں وہ لوگوں کو بلوا کر ان سے ڈیلنگ کرتے اور انہیں بھرتی کرانے کی مکمل یقین دہانی بھی کراتے تھے۔جیسے ہی اس نو سر باز گروہ کی اطلاع تھانہ صدر اٹک پولیس کو ملی تو انہوں نے انتہائی قلیل وقت میں ملزمان کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید خالد ہمدانی نے تھانہ صدر اٹک کی ٹیم کی اس کامیاب کاروائی کو سراہا اور عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عوام ایسے نو سرباز عناصر سے دور رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع پولیس کودیں ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اداروں میں ملازمت کے لیے طے شدہ لائحہ عمل،اشتہارات اور ٹیسٹ انٹرویو کے حوالے سے مکمل تحقیق اور تصدیق لازمی کریں۔

متعلقہ عنوان :

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں