خصوصی افراد ذہانت کے اعلیٰ درجے پر ہوتے ہیں، معاشرے میں انکا اہم مقام ہے، سید یاور عباس بخاری

ہفتہ 20 فروری 2021 20:28

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2021ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال، چیئر مین پی اے سی پنجاب سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ خصوصی افراد ذہانت کے اعلیٰ درجے پر ہوتے ہیں اور معاشرے میں انکا اہم مقام ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیپلز کالونی اٹک میں خصوصی طلبہ وطالبات کے سکول میں ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کے ہمراہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان قمر،سی ای او ایجوکیشن اٹک ڈاکٹر جاوید اقبال اعوان،خصوصی افراد کے اداروں کی سربراہان نجمہ شاہین اور سلمیٰ خاتون ،میڈم غزالہ پنڈی گھیب کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یاور عباس بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے خصوصی افراد کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں خصوصی طلبہ و طالبات کو بہتر سفری سہولیات مہیا کرنے کے لیے اٹک اور فتح جنگ کو دو بسیں فراہم کی جارہی ہیں۔ پیپلز کالونی میں قائم سکول کو اعلیٰ تعلیمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔اس کے ساتھ ادارے کو تدریسی اور غیر تدریسی عملہ بھی جلد فراہم کردیا جائے گا۔ شیلٹر ورک شاپ اور خصوصی افراد کے لیے سکواش کورٹ اور کھیلوں کی دیگر سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔

تقریب میں صوبائی وزیر سید یاور عباس بخاری نے پاکستان تحریک انساف کے ضلعی صدرا ور سینئر رہنما قاضی احمد اکبر خا ن کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہو ئے کہا کہ خصوصی افراد کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کے لیے قاضی احمد اکبر نے 18 کنال زمین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر سپیشل ایجوکیشن سنٹر قائم کیا جائیگا۔انہوں نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کرنل شاہد جمیل میاں،ساجد یعقوب،نجمہ شاہین اور سلمیٰ خاتون کی کاوشوں کو بھی بے حد سراہا۔تقریب میں سپیشل بچوں نے ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کیے جن کو حاضرین نے بے حد سراہا۔ سی ای اوایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اقبال اعوان اور دیگر افراد نے حاضرین سے خطاب بھی کیا۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں