اٹک،وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ناجائز قابضین کے خلاف محکمہ مال کا بلا امتیاز کریک ڈاؤن

پیر 15 نومبر 2021 14:59

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2021ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ناجائز قابضین کے خلاف محکمہ مال کا بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس ضمن میں اب تک  5 لاکھ 63 ہزار 736 کنال قیمتی سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی جا چکی ہے جس کی مالیت 198699.775 ملین روپے ہے۔ پیر کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر مال ملک محمد انورنے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف صوبہ پنجاب کی تاریخ کی سب سے موثر کارروائی جاری ہے جس کے تحت کسی قسم کے دباؤ یا سفارش کی پرواہ کئے بغیر سرکاری زمینوں کوبا اثر ناجائز قابضین سے واگزار کروایا جار ہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو سرکاری املاک کا محافظ ادارہ ہے اور سرکاری املاک کے تحفظ کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں طاقتورقبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اسی طرح جاری رہے گی اور حکومت قبضہ مافیا کا مکمل قلع قمع کر کے دم لے گی۔صوبائی وزیرملک محمد انور نے کہا کہ قبضہ مافیا سے واگزارشدہ سرکاری اراضی کا مکمل ریکارڈ لینڈ بینک میں جمع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ترین لینڈ بینک کے ذریعے36اضلاع میں موجود سٹیٹ لینڈ کا ڈیٹا ایک جگہ اکھٹا اور سٹور کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر مال نے کہا کہ لینڈ بینک سے ریونیو معاملات میں کرپشن کا خاتمہ ہو گااور سرکاری اراضی کے بہتر استعمال میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اورپنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی اسی طرح جاری رہے گی۔

اٹک شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments