عوامی رابطہ کمیٹی کے قیام کا مقصد عوامی مسائل حل کرنا ہے، میجر (ر)طاہر صادق

عوام تحریری درخواست دے کر مسائل سے آگاہ کریں تاکہ ازالہ ممکن بنایا جاسکے، رکن قومی اسمبلی

جمعرات 18 نومبر 2021 23:34

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2021ء) ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مسائل میجر ریٹائرڈ طاہر صادق نے کہا ہے کہ عوامی رابطہ کمیٹی کے قیام کا مقصد عوامی مسائل حل کرنا ہے، اس لئے عوام انہیں تحریری درخواست دے کر اپنے مسائل کے متعلق آگاہ کریں تاکہ ان کا ازالہ ممکن بنایا جاسکے۔میجر (ر)طاہر صادق نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مسائل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ان کے ہمراہ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے نمائندے ملک اعجاز، ضلعی صدر پی ٹی آئی قاضی احمد اکبر خان، ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجوکیشن، بلڈنگ، پبلک ہیلتھ،ہیلتھ ،سوئی گیس اور دیگر محکموں سے متعلق ترقیاتی کاموں اور مسائل کا جائزہ لیا گیا، متعلقہ افسران نے شرکا کو عوامی مسائل اور ان کے حل سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مسائل میجر ریٹائرڈ طاہر صادق نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ اجلاس میں انسداد تجاوزات، ڈینگی اور کورونا مہم سمیت دیگر عوامی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شروع کی جانے والی عوامی فلاح سے متعلق سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کے ڈویلپمنٹ ونگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ افسران روزانہ ضلع کی کسی ایک ایسی ترقیاتی سکیم کا دورہ کریں جن کے متعلق عوامی شکایت موجود ہوتی ہے۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں