تحریک انصاف کی حکومت نے ملک وقوم کو چار سالوں میں اندھیروں کی کال کوٹھڑی میں دھکیل دیا ہے،سابق وفاقی وزیر شیخ آفتا ب احمد

بدھ 10 اگست 2022 21:10

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سنیئر نائب صدر پنجاب وسابق وفاقی وزیر شیخ آفتا ب احمدنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک وقوم کو چار سالوں میں اندھیروں کی کال کوٹھڑی میں دھکیل دیا ہے جس میں اندھیروں کے سوا کچھ نہیں، چار سالہ ناقص کارکردگی اور ملک کا یہ حال کرنے کے باوجود بھی عمران خان ملک وقوم کو بخش نہیں رہے اور آئے روز نئے ڈراموں کے ساتھ سڑکوں پر نکل کر ملک وقوم کا تماشہ بنا رہے ہیں جس سے حاصل وصول کچھ نہیں ہونا ہے سوائے حکومت کا وقت کا ضیاع اور ملک کو واپس اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں رکاوٹ بننے کے سوا کچھ بھی نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے یہاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر ضلعی راہنما شیخ اجمل محمود ،ڈاکٹر اشرف بٹ ،حاجی ابرار حسین ،ڈاکٹر میاں راشد مشتاق ،طلال اشرف بٹ سمیت دیگر پارٹی کارکن اور معززین علاقہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکل وقت میں ملک وقوم کیلئے قربانیاں دی ہیں مسلم لیگ (ن) کی داستان قربانیوں سے بھری پڑی ہے، ابھی تو عمران خان اور اس کے وزراء نے اپنے چار سالوں کا حساب نہیں دیا ابھی سے گھبراہٹ کا شکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہبا زشریف مہنگائی ،بد امنی سمیت دیگر تمام تر چیلنجز کو قابو کر نے میں اپنی ٹیم کے ساتھ مصروف عمل ہیں جلد عوام کو بہتر نتائج ملیں گے جس سے ملک وقوم ایک بار پھر خوشحالی کی جانب گامزن ہوگی۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں