اٹک ، ضابطہ اخلاق پرعمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے گی، رانا اکبر حیات

پیر 27 فروری 2017 23:12

ٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء)ضلع اٹک میں اے پلس اور اے گریڈ سکولوں کی سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی او اٹک رانا اکبر حیات کی زیر صدارت ڈی سی او آفس اٹک میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت ،سی ای او ایجوکیشن اٹک عبدالشکور انجم ، پولیس اور محکمہ تعلیم کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ڈی سی اٹک نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے مروجہ قوانین کے مطابق تعلیمی اداروں میں تمام ضروری حفاظتی اقدامات جن میں میٹل ڈیٹکٹر ، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمرہ ، کنٹرول رومز ، باؤونڈری وال کی آٹھ فٹ تک تعمیر، خاردار تاروں کی تنصیب وغیرہ پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سکول اوقات میںملاقات کے لیے سکول آنے والے افراد کو مکمل جامہ تلاشی اور دیگر حفاظتی اقدامات سے گزارنے کے بعد سکول میں داخلہ کی اجازت دی جائے، ڈی پی او اٹک زاہد نواز مروت نے کہا کہ ضلعی پولیس اٹک سکولوں کی سیکورٹی کے حوالے سے مکمل طور پر خبردار ہے اور کسی بھی شرپسند عنصر کو تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم معصوم طلبہ و طالبات کو نقصان پہنچانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سیکورٹی کے حوالے سے اقدامات ایک ہفتہ کے اندر اندر مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے خبردار کیا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم طلبہ و طالبات کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اورحصول علم کے لیے گھر سے آنے والے معصوم بچوں کی جانوں سے کسی کو بھی کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے سکولوں کے پرنسپلز کو بھی ہدایت کی کہ وہ موجودہ حالات کے تناظر میں سکول کے بچوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی کورسز کروائیں اور انہیں اس بات کی تعلیم دیں کہ ہنگامی حالات میں فراہم کردہ تربیت کے مطابق عمل کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ و طالبات کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوںنے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک حرکت یا سامان کے بارے میں ضلعی انتظامیہ کو بروقت آگاہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ظہور پذیر ہونے سے قبل ہی روکا جاسکے۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں