اٹک،ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس، ڈی سی کو تعلیمی اداروں میں ناکافی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی

پیر 27 فروری 2017 23:12

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء)ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی اٹک کا اجلاس زیر صدارت ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات منعقد ہوا ۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اٹک عبدالشکور انجم، ڈی ایم او اٹک فاروق اکمل کے علاوہ ، ڈی اوز ، ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات کو ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں ناکافی سہولیات، اساتذہ کی کمی، نئے اساتذہ کی تعیناتی ، مردم شماری ، خانہ شماری اور دیگر اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈی سی اٹک رانا اکبر حیات نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ درس و تدریس انتہائی مقدس پیشہ ہے جو اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے بہترین صلاحیتیوں کو بروئے کار لایا جائے تاکہ آنے والا کل روشن ہو۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں ناکافی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں ان اداروں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے لیے اعلیٰ سطح پر کاوشیں جاری ہیں اور بہت جلد اٹک کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو دور کردیا جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے مقابلے میں تمام جدید سہولیات سے مزین کیا جارہا ہے تاکہ ان سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو جدید ترین تکنیکی تعلیم سے روشناس کروایا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا اکبر حیات نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ سکولوں کا باقاعدگی سے دورہ کریں اور وہاں پر ہونے والی تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں انہیں تفصیلی رپورٹ ارسال کی جائے۔اجلاس میں سکولوں کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ تمام سیکورٹی اقدامات کو ایک ہفتہ کے اندر مکمل کرکے رپورٹ ڈی سی آفس اٹک ارسال کی جائے۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں