سوشل میڈیا پر بلیک میلنگ سے طالبہ کی خود کشی ، مرکزی ملزم گرفتار

مقدمہ والد کی مدعیت میں ٹنڈو غلام علی تھانے میں درج کیا گیا،ایف آئی آر میں سوم چند کو مرکزی ملزم جبکہ مہیش اور اشوک کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، پولیس حکام

منگل 21 مئی 2019 14:28

بدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2019ء) سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میلنگ کے بعد 12 ویں جماعت کی طالبہ انیلا کی خود کشی پر بچی کے والد کی مدعیت میں مبینہ ملزم سوم کمار اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف تھانہ ٹنڈوغلام علی میں مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔پولیس نے مرکزی ملزم سوم کمارکو گرفتار کرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق بدین میں انٹرنیٹ پربلیک میلنگ سے تنگ آکرخودکشی کرنے والی طالبہ کا مقدمہ والد کی مدعیت میں ٹنڈو غلام علی تھانے میں درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں سوم چند کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ مہیش اور اشوک کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے میں دفعہ 322 ، دفعہ 506/2 اوردفعہ 385 لگائی گئی ہے۔ ملزمان پر طالبہ کو جان سے ماردینے کی دھمکی اور بھتہ خوری کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کیس کے مرکزی ملزم سوم کمار نے حیدرآباد پولیس کو گرفتاری دیدی ہے ۔ حیدرآباد پولیس نے ملزم کو بدین پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

واضح رہے کہ بدین کے نواحی شہر ٹنڈو غلام علی کی رہائشی طالبہ سوشل میڈیا کے ذریعے محبت کے جھانسے میں آنے کے بعد کی جانے والی بلیک میلنگ سے اس حد تک عاجز آئی کہ اس نے زہریلی دوا پی کر اپنی زندگی کا خاتمہ ہی کرلیا۔متوفیہ کے ورثا کے مطابق سوم نامی شخص نے متوفیہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے پہلے اپنی جھوٹی محبت کا جھانسہ دیا اور اس کے بعد اس کی تصویر ایڈٹ کرکے اسے بلیک میل کرنے لگا۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں