ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کی زیر صدارت اجلاس،جشن آزادی کے انتظامات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 11 اگست 2022 21:33

بدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان کی زیر صدارت اجلاس 14 اگست کو 75 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منانے کے انتظامات اور تیاروں کا جائزہ لیا گیا. ۔دربار ہال بدین میں منعقد اجلاس کے موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہ نواز خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس سال یوم آزادی پچھلے سالوں سے بہتر اور سادگی سے منانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوام میں جوش وجذبہ اجاگر کرنے کے لیے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم اور 75 ویں جشن آزادی کے حوالے سے پینا فلیکس آویزاں کریں اور برقی قمقموں سے سرکاری عمارتوں کو سجایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 14 اگست کو جشن آزادی منانے کے لیے پرچم کشائی کی مرکزی تقریب جیم خانہ بدین میں منعقد کی جائے گی جس میں طلبہ اور طالبات کے تقریری مقابلہ سمیت رین ایمرجنسی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے انہیں شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس خوشی کہ موقع پر امن وامان بحال کرنے والی فورسز کے شہدا اور خاص کر بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ہونے والے حادثے میں شہید پاک فوج کے افسران کی قربانیوں کو بھی یاد رکھا جائے گا اور انہیں اس موقع پر خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ جشن آزادی کے موقع پر اپنے دفاتر میں پرچم کشائی کی تقریبات ضرور منعقد کریں اور محکمہ تعلیم کے افسران اس ضمن میں اسکولوں میں تقریبات کا اہتمام کریں۔

انہوں نے تمام ٹان آفیسرز کو ہدایت کی کہ جو بھی اپنی ٹان کمیٹیز میں جشن آزادی کی مناسبت سے بہترین اقدامات کریں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نجیب الرحمن جمالی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو وقار احمد کلوڑ تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز محکمہ تعلیم، صحت پولیس پروونشل بلڈنگس روڈز سوشل ویلفیئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اطلاعات لائیو اسٹاک جنگلات اور بلدیاتی اداروں سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں