بہاولنگر،غربت ،بیروزگاری سے تنگ آکر 6بچوں کے باپ نے چار بچوں سمیت نہر میں کود کر خودکشی کرلی

ایک بچی کو زندہ بچا لیا گیا ،ایک بچے کی نعش برآمد ،باقی کی تلاش جاری، اطلاع ملنے پرگھر میں کہرام برپا ہوگیا

جمعہ 28 جولائی 2017 19:50

بہاولنگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2017ء) بہاولنگر ہائے ری غربت تین زند گیاں نگل گئی ،غربت مفلسی اور بے روزگاری سے تنگ آکر 6بچوں کے باپ نے اپنے چار بچوں سمیت نہر میں کود کر خودکشی کرلی ۔ایک بچی کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ ایک بچے کی نعش برآمد ،باقی کی تلاش جاری ۔ اطلاع ملنے پرگھر میں کہرام برپا ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر ضلع کے نواحی گائوں74فورآر کے رہائشی غلام یٰسین کی شادی دس سال قبل حنیفاں بی بی سے ہوئی جس کے بطن سے 6بچے پیدا ہوئے جن میں دو بیٹیاں ثانیہ بعمری 9سال ،شافیہ 3سال ،چار بیٹے یاسر علی 11سال ،فیصل علی 7سال ،زین علی 5سال اور علی حسین 4ماہ شامل ہیں ۔

پندرہ روز قبل غلام یٰسین اپنی بیوی حنیفاں بی بی سے جھگڑ کر اپنے چار بچوں ثانیہ ،شافیہ ،زین علی اور شیر خواہ علی حسین علی کو لیکر اپنے والدین کے علاقہ تحصیل خانپور کٹورہ اڈا چک بنگلہ باغو بہار ضلع رحیم یار خاں چلا گیا ۔

(جاری ہے)

دو روز قبل غلام یٰسین نے اپنی بیوی کو فون کرکے کہا کہ وہ ان بچوں کا بوجھ نہیں اُٹھا سکتا اور نہر میں کود کر خود کشی کرلے گا ۔

گزشتہ روز غلام یٰسین نے چار بچوں سمیت رحیم یار خان میں واقع نہر میں کود کر خودکشی کرلی جبکہ دو بچے یاسر علی اور فیصل علی کو بھی اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا لیکن وہ گھر پر موجود نہ تھے جس وجہ سے وہ اس سانحہ سے بچ گئے ۔غلام یٰسین کی بیوی حنیفاں بی بی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اس کا خاوند پیشے کے لحاظ سے درزی تھا لیکن کام نہ ہونے کی وجہ سے گھر میں فاقے تھے اور حنیفاں بی بی خود بھی شدید ذہنی تنائو کا شکار ہے ۔

غربت اور افلاس سے تنگ آکر غلام یٰسین اپنے بچوں کو لیکر اپنے والدین کے پاس خانپور کٹورہ گیا لیکن اس کے حالات ٹھیک نہ ہوسکے گزشتہ روز اس نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے چار بچوں سمیت نہر میں کود کر خودکشی کرلی ۔ابتدائی اطلاع کے مطابق نو سالہ ثانیہ کو بچالیا گیا اور پانچ سالہ زین علی کی نعش برآمد ہوئی ہے جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے ۔

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں