14اگست ،عیدالاضحی اورمحرم الحرام کے دوران شرپسند عناصرپرکڑی نظررکھی جائے گی‘ڈی پی او بہاولنگر

پیر 8 اگست 2016 13:08

منچن آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے ضلعی امن کمیٹی بہاولنگر کے ممبران سے پولیس لائن میں امن وامان کے حوالے سے میٹنگ کی ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی اوبہاولنگرکیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے پولیس لائن میں میٹنگ کی جس میں آنے والے ایونٹس کے حوالے سے امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ 14اگست ،عیدالاضحی اورمحرم الحرام کے دوران شرپسند عناصرپرکڑی نظررکھی جائے گی اور کسی بھی فرقہ وارانہ سرگرمی یا نقص امن کی کسی کوشش کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔

ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کوہدایت کرتے ہوئے ڈی پی او بہاولنگر نے کہا کہ وہ شرپسند عناصر،باہرسے آنے والے ذاکرین اورعلماء کرام پر خصوصی نظررکھیں اورانہیں ہدایت کریں کہ وہ فرقہ واریت پر مبنی اور اشتعال انگیز تقاریرکرنے سے اجتناب کریں ۔

(جاری ہے)

مزیدکہاکہ ضلعی ممبران امن کمیٹی سے ماہانہ کی بنیادپر میٹنگ کی جائے گی۔ڈی پی اوبہاولنگر نے امن کمیٹی کے ممبران کو ون ویلنگ اور پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ون ویلنگ ،پتنگ بازی اورنہروں میں نہانے پر دفعہ 144کا نفاذ ہے۔

خلاف ورزی کرنے والے اشخاص کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ضلعی پولیس محدودوسائل میں رہ کرعوام کے جان ومال کی حفاظت کوہرممکن طورپر یقینی بنائے گی۔ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کی جانب سے ضلعی پولیس کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہا گیا ۔ ممبران نے کہا کہ وہ معاشرہ میں امن عامہ، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں