بہاولنگر، گیس لیکج دھماکے کے 7شہداء کوسپرد خاک کردیاگیا

ایک ہی خاندان کے 6افراد کا جنازہ نواحی علاقہ چھولے والی میں اداکیاگیا،بہاولنگر کی فضاء سوگوار،کاروباری مراکز بند رہے

بدھ 15 فروری 2017 21:06

بہاولنگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2017ء) بہاولنگر گیس لیکج دھماکے کے 7شہداء کی نماز جنازہ کے بعد انہیں سسکیوں اور چھلکتے آنسوئوں کے ساتھ سپرد خاک کردیاگیا۔ایک میت کا جنازہ عیدگاہ بہاولنگر اور ایک ہی خاندان کے 6افراد کا جنازہ تخت محل کے نواحی علاقہ چھولے والی میں ادا کئے گئے جہاں پر آنکھ اشک بار نظر آئی ۔بہاولنگر کے امیر کوٹ و سرکلر روڈ پر گزشتہ روز مبینہ سوئی گیس کی لیکج کے باعث سینٹری سٹور میں گیس جمع ہونے کی وجہ سے زور دار دھماکہ ہوا۔

ملبہ گرنے کی وجہ سے موقع پر 45سالہ منیراں بی بی زوجہ وزیر احمد،15سالہ نور بخش،12سالہ ظہیر احمد،8سالہ نجمہ بی بی،5سالہ بینش ،پسر و دختران وزیر احمد،30سالہ بشیر احمد عرف کاکوولد نعمت علی اورعطیہ دختر عبدالغفار جاںبحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

عطیہ دختر عبدالغفار کا نماز جنازہ بہاولنگر عیدگاہ میں جبکہ دیگر 6میتیوں کے جنازے تخت محل کے علاقہ چھولے والیاں میں ادا کئے گئے ۔

نماز جنازہ میں ڈی پی او لیاقت علی ملک،ڈپٹی کمشنر محمد اظہر حیات ،ْایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر رانا امجد،ایم این اے عالم داد لالایکا،ایم پی اے رانا عبدالروف ،ْچیئرمین بلدیہ راناعاطاف رئوف ،ْوائس چیئرمین حاجی مجید قریشی سمیت کونسلرز ،ْچیئر مین یونین کونسلز اور سابق وفاقی وزیر ممتاز عالم گیلانی سمیت ہزاروں شہریوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔

اس موقع پر اجتماعی دعائے مغفرت کرتے ہوئے مرحومین کے بلنددرجات اور دھماکے کے زخمیوں کی صحت کاملہ کی بھی دعا کی گئی ۔ نماز جنازہ کے بعد مرحومین کی تدفین ان کے آبائی قبرستان میں کی گئی۔ واضح رہے کہ اس موقع پربہاولنگر کی عوام افسردہ ،ہر آنکھ اشک بار نظر آئی۔ مبینہ دھماکہ کی گرج دار اور خوفزدہ آواز سے بھی تیز پھیلنے والی خبر نے لوگوں کو سانحہ کے مقام پر ہزاروں کی تعداد میں اکٹھا کردیا۔بہاولنگر کی فضاء سوگوار،کاروباری مراکز بند رہے ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن صدر میاں نذیر خان عاکوکا کی کال پر وکلاء کی ہڑتال کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولنگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں