قرآن فہمی کے لیے عربی زبان کی باقاعدہ کلاسز منعقد کرنے والی ملک کی پہلی جامعہ ہوگی وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

Muhammad Naeem Yusha محمد نعیم یوشا بدھ 22 ستمبر 2021 11:34

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2021ء) حکومت کی کچھ عرصہ پہلے جامعات میں قرآن کی تعلیم، ترجمہ اور قرآن فہمی کا اہتمام کرنے کے لیے احکامات جاری کئے گئے تھے جس پر اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے طلباء میں جذبہ بیدار کیا جائے گا تاکہ وہ فہم اور تدبر کے ساتھ قرآنی تعلیمات سیکھیں اور ان پر عمل کریں۔

تمام فیکلٹیوں میں تفہیم قرآن اور عربی زبان کی تعلیم کے لیے تین کریڈٹ آورز کاکورس متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اور ڈاکٹر جاوید اقبال نے صدر کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسلام آباد کی طرف سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسلام آباد محمود احمد نے بذریعہ آن لائن خصوصی خطاب کیا۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرنویداختر، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمان، ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ و چیئر مین شعبہ ٹرانسلیشن سٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق خان، سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر شمس البصر، سابق چیئر مین شعبہ اسلامیات، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپو رڈینز و سینئر اساتذہ موجود تھے۔

معاہدے کی رو سے دونوں ادارے یونیورسٹی میں قرآن اور اخلاقیات کی تعلیم اور کمیونٹی ایجوکیشن کے لیے یونیورسٹی کے اساتذہ کی تربیت کریں گے۔دونوں ادارے قرآنی تعلیمات کی نشرو اشاعت کے لیے تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے اور مشترکہ منصوبے تشکیل دیں گے۔ قرآن فہمی کے لیے خصوصی نصاب،تدریسی ذرائع، آڈیو ویڈیو لیکچرکی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور تمام فیکلٹیوں میں پہلے سمسٹر میں 3کریڈٹ آورکا کورس متعارف کرایا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے رضاکارانہ تربیت حاصل کرنے والے اساتذہ اور طلباء وطالبات کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اساتذہ کی استعداکار میں اضافے کے لیے خصوصی گائیڈز اور تربیتی مواد تیار کیا جائے گا۔ تدریسی اور تحقیقی معیار کو قائم کرنے کے لیے امتحانات کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔ اس موقعہ پر شرکا اور پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال
نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے قرآن فہمی اور عربی زبان کی کلاسز کے باقاعدہ اجراء اور بطور کریڈٹ آور کورس شامل کرنے پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور انکی ٹیم کو مبارکباد پیش اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں